بی آر ایس کے 25 ارکان اسمبلی کانگریس میں شمولیت کیلئے تیار: وینکٹ ریڈی

   

حیدرآباد۔/24 اپریل، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس کے 25 ارکان اسمبلی کانگریس میں شمولیت کیلئے تیار ہیں اور لوک سبھا چناؤ میں بی آر ایس کو ایک بھی نشست حاصل نہیں ہوگی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے سابق وزیر جگدیش ریڈی کی جانب سے حکومت پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جگدیش ریڈی کا جواب دینے کیلئے صدرنشین قانون ساز کونسل سکھیندر ریڈی کافی ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ جگدیش ریڈی کو اسمبلی انتخابات میں 4 ہزار ووٹوں کی معمولی اکثریت سے کامیابی ملی اور وہ سکھیندر ریڈی کی طرح عوامی قائد نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ حال ہی میں سکھیندر ریڈی نے بی آر ایس سربراہ کے سی آر کے رویہ کو پارٹی کی شکست کیلئے ذمہ دار قرار دیا تھا۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ جگدیش ریڈی کے خلاف قتل کے تین علحدہ کیسیس زیر دوران ہیں جبکہ مریال گوڑہ میں شراب کا ایک معاملہ ان کے خلاف درج کیا گیا۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر جگدیش ریڈی دوبارہ کومٹ ریڈی برادرس کے خلاف زبان کھولیں گے تو انہیں کارکنوں کی برہمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وہ آخری مرتبہ جگدیش ریڈی کو متنبہ کررہے ہیں۔ وینکٹ ریڈی کے مطابق نلگنڈہ اور بھونگیر لوک سبھا حلقوں میں بی آر ایس امیدوار کی ضمانت بھی نہیں بچے گی۔1