بی ایس پی امیدوار کا راج ببر کو چپلوں سے پیٹنے کی دھمکی

   

لکھنؤ۔16اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے فتح پور سیکری پارلیمانی حلقے سے بی ایس پی امیدوار بھاگون شرما عرف گڈو پنڈت نے اپنے حریف و کانگریس کے ریاستی صدر راج ببر کو یو پی کی گلیوں میں چپلوں سے پٹائی کی دھمکی دی ہے ۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں گڈو پنڈت راج ببر اور ان کے حامیوں پر بی ایس پی کے خلاف افواہ پھیلنے کا الزام لگاتے ہوئے یو پی کی گلیوں میں چپلوں سے ان کی پٹائی کرنے کی دھمکی دیتے نظر آرہے ہیں۔طیش زدہ پنڈت نے غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کرتے ہوئے گنگا کی قسم کھاتے ہوئے ان کو اور ان کے حامیوں کو بے رحمی سے پیٹنے کی بھی دھمکی دی۔

دو بار ایم ایل اے رہ چکے پنڈت کو بی ایس پی نے آخر وقت میں راجیو سنگھ کا ٹکٹ کاٹ کر فتح پور سیکری سے اپنا امیدوار بنایا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ابھی کل ہی الیکشن کمیشن نے قابل اعتراض بیانات دینے والے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کے پاداش میں اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور سماج وادی لیڈر اعظم خان کے خلاف 72 گھنٹوں اور بی ایس پی سپریمو مایاوتی و بی جے پی امیدوار و مرکزی وزیر مینکا گاندھی کے خلاف 48گھنٹوں تک کسی بھی انتخابی سرگرمی سے دوررہنے کی پابندی عائد کی ہے۔