لکھنؤ، 13 جون (یو این آئی) بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے اتر پردیش انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ پارٹی اپنے مضبوط علاقوں ایودھیا اور اکبرپور سے انتخابی مہم کا آغاز کرنے جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق بی ایس پی 22 اور 23 جون کو ان دونوں اضلاع میں عوامی ریلیاں منعقد کرے گی۔ 22 جون کو ایودھیا اور 23 جون کو اکبرپور میں جلسہ ہوگا۔ ان جلسوں سے ریاستی صدر وشوناتھ پال سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے ۔ دونوں پروگراموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پروگراموں میں سینئر عہدیداران بھی موجود رہیں گے ۔ جن رہنماؤں کو مختلف اسمبلی نشستوں کی ذمہ داری دی گئی ہے ، انہیں اسٹیج سے امیدوار کے طور پر خطاب کا موقع دیا جائے گا، تاکہ کارکنوں اور عوام کو ممکنہ امیدواروں کی براہِ راست پہچان ہو سکے ۔ بی ایس پی ان جلسوں کے دوران بعض دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کو اپنی پارٹی میں شامل کرنے کی تیاری بھی کر رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اسٹیج سے نئے قائدین کا استقبال اور اعلان بھی کیا جائے گا تاکہ انتخابات سے قبل تنظیم کو مزید مضبوط بنایا جا سکے ۔ وشوناتھ پال کی ایودھیا اور اکبرپور میں اچھی سیاسی پکڑ سمجھی جاتی ہے ۔ گزشتہ چند مہینوں میں بی ایس پی نے ان اضلاع میں کئی پروگرام کیے ہیں، جن کے ذریعے ہزاروں افراد کو پارٹی سے جوڑا گیا ہے ۔ پارٹی رہنماؤں کا ماننا ہے کہ ان علاقوں سے مہم کا آغاز کرنے سے کارکنوں میں جوش پیدا ہوگا اور پیغام بوتھ سطح تک پہنچے گا۔ بی ایس پی کا یہ قدم ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ریاست کی تمام بڑی سیاسی جماعتیں انتخابی تیاریوں میں سرگرم ہو چکی ہیں۔