بی جے پی۔آر ایس ایس کی ناانصافی کانگریس کی نیائے یاتراکا نشانہ

,

   

اپوزیشن انڈیا اتحاد میں سیٹوں کی تقسیم کا کوئی مسئلہ نہیں، بی جے پی کیخلاف پوری طاقت سے الیکشن لڑیں گے: راہول گاندھی

کوہیما، موکوکچوانگ، ناگالینڈ: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ بی جے پی حکومت میں ملک کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے ، اس لیے وہ لوگوں کو انصاف دلانے کے لئے ‘ بھارت جوڑو نیائے یاترا شروع کررہے ہیں۔آج یاترا کے تیسرے دن منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہول نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی دیگر کے تئیں نفرت بڑھ رہی ہے کیونکہ چنندہ لوگوں کو فائدہ دیا جا رہا ہے اور لوگوں کو پریشان کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل انہوں نے بھارت جوڑو یاترا نکالی تھی جو کامیاب رہی اور اب عوام کی تکالیف کو دیکھتے ہوئے بھارت جوڑو نیائے یاترا نکالی گئی ہے ۔راہول نے بھارت جوڑو نیائے یاترا کو ایک نظریاتی یاترا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ یاترا ایک نظریہ کے ذریعہ کی جارہی سماجی، اقتصادی اور سیاسی ناانصافی کے خلاف ہے اور ان کی یاترا کا مقصد اس یاترا کے ذریعے لوگوں کو انصاف فراہم کرانا ہے ۔ ناگالینڈ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یہاں کے مختلف گروپوں کے نمائندوں کے لیڈروں نے ان سے ملاقات کی اور کہا کہ 9 سال قبل مرکزی حکومت نے جس ناگا امن معاہدے پر دستخط کئے تھے اس پر عمل درآمد نہیں ہوا ہے ۔کانگریس لیڈر راہول نے کہا کہ انڈیا اتحاد میں سیٹ شیئرنگ کاکوئی مسئلہ نہیں ہے اور سیٹ شیئرنگ کا کام تمام پارٹیوں کے ساتھ آسانی سے کیا جائے گا۔ راہول نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ نشستوں کی تقسیم کا کام خوش اسلوبی اور تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔راہول نے کہا کہ اتحاد میں شامل تمام جماعتوں سے نشستوں اور دیگر مسائل کے حوالے سے بات چیت مسلسل جاری ہے اور کہیں بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے ، اس لیے امید ہے کہ جلد ہی سیٹوں کی تقسیم کا کام خوش اسلوبی سے مکمل کر لیا جائے گا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ اتحادی جماعتوں کے کچھ رہنما اتحاد میں تعاون کرتے نظر نہیں آتے ہیں ، تو انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ اگر کوئی مسئلہ پیدا ہوتا ہے تو اتحادی رہنما مل کر اس کا حل تلاش کریں گے اور تمام پارٹیاں مل کربی جے پی کے خلاف پوری طاقت سے الیکشن لڑیں گی۔

انڈیا اتحاد میں سب کچھ ٹھیک ہے
جے ڈی یوکا تبصرہ
پٹنہ: جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) نے منگل کو دعویٰ کیا کہ انڈیا اتحاد کی حلیف جماعتوں کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے اور اتحاد میں سب کچھ ٹھیک ہے ۔ جے ڈی یو کے سینئر لیڈر اور بہار کے وزیر خزانہ وجے کمار چودھری نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ انڈیا اتحاد کی حلیف جماعتوںکے درمیان کسی بھی مسئلہ پر کوئی اختلاف نہیں ہے ۔ انہوں نے طنز کیا کہ ایسی تمام قیاس آرائیاں میڈیا کی پیداوار ہیں۔ چودھری نے کہاکہ انڈیا اتحاد اور اس کا تال میل برقرار ہے۔