بی جے پی ،آر ایس ایس کی مذہب پر سیاست :فاروق عبداللہ

   

نیشنل کانفرنس نے کبھی ایسا کھیل نہیں کھیلا،شیخ عبداللہ کی برسی کے موقع پر اظہارخیال
سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر شدید تنقیدمیں کہا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس مذہب کے نام پر سیاسی کھیل کھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی یہ کھیل نہیں کھیلا ہے لیکن بی جے پی اسی کھیل میں ڈوب جائے گا۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز نیشنل کانفرنس کے بانی اور سابق وزیر اعلیٰ شیخ محمد عبدللہ کی 38 ویں برسی کے موقع پر یہاں نسیم باغ حضرت بل میں واقع ان کے مزار پر فاتحہ پڑھنے کے بعد میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا: ‘نیشنل کانفرنس نے مذہب کے نام پر کبھی بھی سیاست نہیں کی ہے ۔ یہ ہماری تاریخ ہے ۔ شیر کشمیر کا نعرہ “ہندو، مسلم، سکھ اتحاد” تھا’۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ مسلم کانفرنس کو نیشنل کانفرنس میں اس لئے بدل دیا گیا تاکہ اس میں سبھی مذہبوں کے لوگ شامل ہو۔انہوں نے کہا کہ آج اگر کوئی مذہب کے نام پر سیاست کا کھیل کھیل رہے ہیں تو وہ بی جے پی اور آر ایس ایس والے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا:’’ہم نے یہ کھیل کبھی نہیں کھیلا ہے لیکن وہ کھیل رہے ہیں وہ اسی کھیل میں ڈوب جائیں گے ‘‘۔