بی جے پی آفس کے روبرو ٹی آر ایس کارکنوں کا احتجاج

   

مرکز کے خلاف نعرہ بازی، مختلف اضلاع میں مرکز کے علامتی پتلے نذر آتش

حیدرآباد۔/23 مارچ، ( سیاست نیوز) آبادی کے اعتبار سے درج فہرست قبائیل کو تحفظات کی فراہمی کے مسئلہ پر مرکز کے رویہ کے خلاف ٹی آر ایس کارکنوں نے آج حیدرآباد میں بی جے پی دفتر کے روبرو مظاہرہ کیا۔ گریجن طبقات سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کی کثیر تعداد نے بی جے پی آفس کے گھیراؤ کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں روک دیا۔ اس موقع پر بی جے پی آفس کے روبرو ماحول کشیدہ ہوگیا۔ ٹی آر ایس قائد جی سرینواس یادو کی قیادت میں مرکزی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔ پولیس نے احتجاجی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ بی جے پی یوا مورچہ اور ٹی آر ایس کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی اور ٹکراؤ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ پولیس نے ہلکی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے کارکنوں کو منتشر کردیا۔ گریجن کارکنوں کا الزام تھا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کی جانب سے تحفظات میں اضافہ کی تجویز ملنے سے انکار کیا ہے۔ اسمبلی میں متفقہ قرارداد کی منظوری کے باوجود مرکز کا اظہار لاعلمی مخالف دلت پالیسی کو ظاہر کرتا ہے۔ ٹی آر ایس کارکنوں نے بیریکٹس توڑ کر بی جے پی آفس کی طرف بڑھنے کی کوشش کی۔ اسی دوران ریاست کے مختلف علاقوں میں ٹی آر ایس کی جانب سے مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج منظم کیا گیا اور مرکزی حکومت کے علامتی پتلے نذرآتش کئے گئے۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا رویہ ہمیشہ ہی کمزور طبقات کے خلاف رہا ہے۔ر