بی جے پی ترقیات کے اقدامات سے قاصر

,

   

عوام کی توجہ ہٹانے رام مندر مسئلہ اٹھایا جارہا ہے : سابق چیف منسٹر چوان
ناگپور (مہاراشٹرا)۔ 10جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چوان نے آج کہا کہ چونکہ بی جے پی ترقی لانے سے قاصر رہی ہے، اس نے عام انتخابات سے پہلے رام مندر مسئلہ اٹھایا ہے ۔ لیکن عوام اس کی حقیقت کو جان گئے ہیں ۔ وہ اُس کی انتخابی چالوں سے گمراہ نہیں ہوسکتے ۔ بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کیونکہ اس نے متنازعہ رافیل جیٹ طیارے سودے میں اسکام اور دیگر ترقیاتی کارروائیوں سے قاصر رہنے پر مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ رام مندر کی ایودھیا میں تعمیر کا تنازعہ صرف اسلئے اٹھایا جارہا ہے تاکہ عوام کی توجہ ترقیاتی اقدامات سے ہٹ جائے ۔ مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس قائد نے الزام عائد کیا کہ رافیل لڑاکا جیٹ طیاروں کے سودے میں کرپشن ملوث ہے اور حکومت غلطیوں پر غلطیاں کررہی ہے ۔ چوان ناگپور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے جب کہ کانگریس کی سنگھرش یاترا اپنی پانچویں منزل پر ناگپور پہنچ گئی ہے ۔ یہ یاترا مرکزی اور رافیل سودے کے بارے میں حکومت کی ناکامیوں کو عام انتخابات سے پہلے بے نقاب کرنا چاہتی ہے ۔ بی جے پی کے پاس کوئی دیگر مسائل نہیں ہے ، وہ ترقیاتی اور دیگر محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے ۔ چنانچہ اس نے گذشتہ چھ ماہ سے رام مندر کی تعمیر کا مسئلہ دوبارہ اٹھایا ہے ۔ اب جب کہ عام انتخابات قریب آتے جارہے ہیں رام مندر کی تعمیر کے مطالبہ میں بھی شدت پیدا ہوتی جارہی ہے لیکن عوام کو اس طرح کی انتخابی چالوں کے ذریعہ گمراہ نہیں کیا جاسکتا ۔ چوان نے کہا کہ رام مندر مسئلہ اور عام زمرے کے غریب افراد کو تحفظات کا مقصد عوام کی توجہ رافیل جیٹ طیارہ اسکام سے ہٹانا ہے ۔ چوان نے کہا کہ رافیل مسئلہ سپریم کورٹ میں ہے اور عوام بھی اس سے اچھی طرح واقف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہے کچھ بھی کرے یہ مسئلہ اور صداقت آخر کار عوام کے سامنے آجائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں کہ کیا 10فیصد تحفظات سے ووٹ بینک پر اثر پڑے گا، انہوں نے کہا کہ اس کے بارے میں بعدازاں بات چیت کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ قانون منظور ہوچکا ہے لیکن مہاراشٹرا میں اس کے اثرات پر تبادلہ خیال کرنے کی ضرورت ہے، جہا ں مراٹھا تحفظات کا ایک عرصہ سے مطالبہ کیا جارہا ہے ۔