بی جے پی حکومت بنانے کیلئے تیار:یدی یورپا

   

بنگلورو،21جون (سیاست ڈاٹ کام)جنتادل (سکیولر)کے سربراہ اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے کرناٹک میں وسط مدتی انتخاب کے اشارے کے بعد ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر بی ایس یدی یورپا نے کہاکہ وزیراعلی ایچ ڈی کمار اسوامی کی قیادت والی جنتا دل سکیولر ۔کانگریس اتحاد حکومت خود بخود گرتی ہے تو بھارتیہ جنتاپارٹی ریاست میں حکومت بنانے کے لیے تیار ہے ۔بی جے پی کی کرناٹک شاخ کے صدر مسٹر یدی یورپا نے سابق وزیراعظم اور جنتادل سکیولر کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڑا کے ریاست میں وسط مدتی انتخاب سے متعلق دیے گئے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔مسٹر یدی یورپا نے جمعہ کوکہا،‘‘ریاست میں کوئی وسط مدتی انتخاب نہیں ہوگا کیونکہ اسمبلی میں بی جے پی سب سے بڑی پارٹی ہے اور وہ اگلی حکومت بنانے کا دعوی پیش کریگی ۔’’اس معاملہ میں کانگریس اور جنتادل سکیولر کے لیڈروں پر شکوک شبہات پیداکرنے کا الزام لگاتے ہوئے بی جے پی ریاستی صدر نے کہا،‘‘ اگر مخلوط حکومت گرجاتی ہے تو بی جے پی اسمبلی تحلیل نہیں ہونے دیگی اور حکومت بنانے کا کی ہرممکن کوشش کرے گی ۔’’مسٹر کماراسوامی سے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے یدی یورپا نے کہا،‘‘ریاست کے لوگ اس مخلوط حکومت کی ہر محاذ پر ناکامی سے تنگ آگئے ہیں اس لیے انھیں استعفی دے دینا چاہئے ۔’’اس سے قبل مسٹر دیوے گوڑا نے جمعہ کو یوگا کے پانچویں بین الاقوامی دن کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر ایک یوگاپروگرام میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں ریاست میں وسط مدتی انتخاب ہونے کے اشارے دیے ۔مسٹر دیوے گوڑا نے کہاکہ ریاست کی مخلوط حکومت میں شامل کانگریس میں اس بات شکوک شبہات بڑھ رہے ہیں کہ اگر پارٹی جے ڈی ایس کے ساتھ رہے گی تو کرناٹک میں اسکی عوامی حمایت میں کمی آسکتی ہے ۔