بی جے پی حکومت کے خاتمہ کیلئے عوام کو آگے آنے کا مشورہ

   

عادل آباد میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ پر ’ مہا دھرنا‘ ۔ رکن اسمبلی جوگو رامنا کا خطاب

عادل آباد۔/3 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پکوان گیس کی قیمت میں اضافہ پر بی جے پی حکومت کے خلاف ضلع بی آر ایس پارٹی کی جانب سے جوگو رامنا رکن اسمبلی عادل آباد کی قیادت میں مستقر عادل آباد کے تلنگانہ تلی چوک پر ’’ مہا دھرنا ‘‘ منظم کیا گیا۔ اس موقع پر مسٹر جوگو رامنا نے بی جے پی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے دور میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 150 فیصد کا اضافہ ہوچکا ہے۔ سرمایہ کاروں کا تعاون کرنے والی مرکزی حکومت ملک کے عوام کو نظر انداز کرتے ہوئے دن بہ دن اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرتی جارہی ہے۔ انتخابات کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کو نظرانداز کرنے کا بھی عادل آباد ضلع بی آر ایس پارٹی صدر نے الزام عائد کیا۔ بیرونی ممالک سے کالا دھن واپس لانے، غریبوں کے اکاؤنٹ میں پندرہ لاکھ جمع کرنے ، بے روزگار نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے میں مرکزی حکومت کو یکسر ناکام قرار دیا۔ بی جے پی حکومت ملک میں صرف نفرت کا ماحول گرم کرنے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کررہی ہے جس سے ملک کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہے ۔ا یسی صورت میں عوام کو چاہیئے کہ وہ بی جے پی حکومت کا خاتمہ کریں۔ مہا دھرنا کے موقع پر شاہراہ پر لکڑی کا چولہا لگاکر پکوان کیا گیا۔ دوسری طرف گیس سلینڈرس کے ذریعہ بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرتے ہوئے مودی حکومت کے خلاف سخت نعرے لگائے گئے۔ اس احتجاج میں بالخصوص خواتین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مہا دھرنا کے سبب تلنگانہ تلی چوراستہ سے گذرنے والی ٹریفک درہم برہم ہوگئی۔ شاہراہ پر پکوان کردہ کھانا مسٹر جوگو رامنا نے بھی کھایا۔ اس احتجاج میں بلدیہ کونسلرز کے علاوہ صدرنشین بلدیہ جوگو پرمیندر، نائب صدر بلدیہ ظہیر افغانی کے علاوہ دیگر قائدین و اراکین کی کثیر تعداد موجود تھی۔