بی جے پی داخلی انتشار کا شکار ، قائدین کا پارٹی میں شمولیت پر تذبذب

   

موجودہ قائدین کی پارٹی میں غیر اہمیت کے بعد تلنگانہ میں بی جے پی کمزور
حیدرآباد۔16۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ بھارتیہ جنتا پارٹی داخلی انتشار کا شکار ہوتے ہوئے کمزور پڑچکی ہے اور پارٹی کے سینیئر قائدین کو دیگر پارٹیوں سے بی جے پی میں شمولیت کے بعد اہمیت حاصل کرنے والے قائدین نے متنفر کیا ہوا ہے اسی لئے وہ انہیں پارٹی کی سرگرمیوں سے دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ دیگر پارٹیوں بالخصوص کانگریس اور تلنگانہ راشٹر سمیتی سے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو پارٹی میں اپنائیت نہ ملنے کی شکایت ہونے لگی ہے اسی لئے وہ اندرون پارٹی گھٹن محسوس کر رہے ہیں۔ تلنگا نہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں پیدا ہونے والے ان اختلافات سے یہ واضح ہونے لگا ہے کہ بی جے پی میں شامل ہونے والے قائدین کی کوئی اہمیت پارٹی کے ریاستی قائدین کے پاس نہیں ہے اور تلنگانہ کی دیگر سیاسی جماعتوں سے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کا ارادہ کرنے والے قائدین اب ان قائدین کی حالت کو دیکھتے ہوئے بی جے پی کا رخ کرنے سے خائف ہیں۔ تلنگانہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینیئر قائدین کو قومی قیادت سے اس بات کی شکایت ہے کہ وہ تلنگانہ میں دوسری سیاسی جماعتوں سے شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو اہمیت دے رہی ہے جس کی وجہ سے دوسری پارٹیوں سے بی جے پی میں شامل ہونے والے قائدین بی جے پی کے نظریاتی قائدین پر مسلط ہونے لگے ہیں اسی لئے وہ ان قائدین کو اہمیت دینے کے حق میں نہیں ہیں جو دیگر سیاسی جماعتوں سے بی جے پی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی قائدین و مبصرین نے تلنگانہ کے بی جے پی قائدین پر یہ واضح کیا ہے کہ پارٹی نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام کے لئے نہ صرف مرکزی وزارت میں تلنگانہ کو نمائندگی دی گئی بلکہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے قائدڈاکٹر کے لکشمن کو ریاست اترپردیش سے راجیہ سبھا روانہ کرنے کے اقدامات کئے گئے لیکن اس کے باوجود بھی ریاست میں بی جے پی کو مستحکم کرنے کے لئے پارٹی قائدین کی جانب سے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کئے گئے جس کے نتیجہ میں بی جے پی قومی قیادت نے ریاست تلنگانہ میں دیگر سیاسی جماعتوں سے وابستہ قائدین کو پارٹی میں شامل کرنے کی راہ ہموارکی ہے لیکن اب پارٹی میں بی جے پی کے نظریاتی قائدین کو ’’اندرونی‘‘ اور دیگر سیاسی جماعتوں سے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو ’’بیرونی ‘‘ قائدین کہاجار ہاہے جس سے حالیہ عرصہ میں پارٹی میں شامل ہونے والے قائدین دلبرداشتہ ہیں۔م