بی جے پی دستور ہند کے سیکولر اور جمہوری نظریات کی مخالف

   

دستور میں تبدیلی کی سازش،یوم دستور تقاریب سے مہیش کمار گوڑ کا خطاب
حیدرآباد۔/26 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے پارٹی کے انٹلکچول سل اور این ایس یو آئی کی جانب سے گاندھی بھون میں منعقدہ یوم دستور تقاریب میں شرکت کرتے ہوئے بی جے پی پر ملک کے دستور کو بدلنے کی سازش کا الزام عائد کیا۔ کانگریس کی جانب سے ملک بھر میں سمودھان دیوس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ملک میں بی جے پی برسراقتدار آنے کے بعد سے دستور کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ دستور کو اختیارکرنے کے 75 سال کی تکمیل پر ہر شہری کو دستور کے تحفظ کا عہد کرنا ہوگا۔ سیکولرازم، جمہوریت اور سماجی مساوات کو یقینی بنانے کیلئے دستور پر عمل آوری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے جس دستور کو مدون کیا بی جے پی اسے تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ بی جے پی ملک کے سیکولر اور جمہوری کردار کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس اپنے ایجنڈہ کے عین مطابق دستور کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں تاکہ بنیادی ڈھانچہ تبدیل ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے ملک میں دستور کے تحفظ کی مہم چھیڑ رکھی ہے تاکہ ہر طبقہ کو انصاف حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے نظریہ کو آگے بڑھاتے ہوئے ریونت ریڈی حکومت نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کا آغاز کیا ہے۔ مردم شماری کے معاملہ میں تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست بن چکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس اور بی جے پی مردم شماری سے متعلق عوام میں گمراہ کن پروپگنڈہ کے ذریعہ رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ ملک کے عوام بی جے پی کو مناسب سبق سکھائیں گے۔ مہیش کمار گوڑ نے این ایس یو آئی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ راہول گاندھی کو ملک کے وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز کرنے تک سرگرم رہیں۔ ملک میں سماجی انصاف کا قیام راہول گاندھی کی قیادت میں ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انصاف پسند اور جمہوری طاقتیں خاموش ہوجائیں تو بی جے پی دستور کو باآسانی تبدیل کردے گی۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے لیگل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے بھی یوم دستور تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر این ایس یو آئی کے قومی صدر ورون چودھری، رکن کونسل بی وینکٹ، این ایس یو آئی کے تلنگانہ صدر وینکٹ سوامی اور دوسرے موجود تھے۔1