بی جے پی دور حکومت میں اچھے دن تو نہیں ،مگر مرنے کے دن آگئے

   

پٹرول ، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف بنڈی سنجے کی پدیاترا ، ہریش راؤکا طنزیہ ریمارک
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں اچھے دن تو نہیں آئے ہاں البتہ مرنے کے دن ضرور آگئے ہیں ۔ ملک میں بی جے پی نے کسانوں اور بیروزگار نوجوانوں کے لیے کچھ بھی نہیں کیا ۔ ٹی آر ایس کے یوم تاسیس کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ سارے ملک کے لیے تلنگانہ مثالی ریاست میں تبدیل ہوگئی ہے ۔ ریتو بندھو ، مشن بھاگیرتا اور دوسرے اسکیمات ملک کے دوسری ریاستوں کے لیے تحریک بن گئی ہیں ۔ جی ایس ڈی پی میں تلنگانہ کی ترقی ناقابل فراموش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پلینری سیشن میں قومی سیاست میں ٹی آر ایس کے رول پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ پلے پرگتی پٹنہ پرگتی جیسے پروگرامس سے ریاست کی حیرت انگیز ترقی ہوئی ہے ۔ ملک کے 13 ریاستوں کے مزدور تلنگانہ پہونچکر مزدوری کررہے ہیں ۔ ڈبل انجن کی حکومت والی اترپردیش سے بھی لوگ نقل مقام کر کے تلنگانہ پہونچ رہے ہیں ۔ انہوں نے تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کی پدیاترا پر طنزیہ ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوجانے پر بطور احتجاج بنڈی سنجے پدیاترا کررہے ہیں ۔ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں تلنگانہ سے بہتر فلاحی اسکیمات ہیں تو بتائی جائے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پی کے اگر بی جے پی کے ساتھ ہوتے ہیں تو اچھے ہوتے ہیں ۔ ٹی آر ایس کے ساتھ کام کرنے پر خراب کیوں ہوجاتے ہیں ، استفسار کیا ؟ ۔۔ ن