بی جے پی سیاسی سازش کے تحت دہلی حکومت گرانا چاہتی ہے، آتشی سنگھ کا دعویٰ

   

نئی دہلی : دہلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی کی لیڈر آتشی سنگھ نے بی جے پی پر دہلی حکومت کو گراکر صدر راج نافذ کرنے کی سازش رچنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خطوط پر بھی اعتراض ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ ایل جی بے بنیاد طریقے سے ایم ایچ اے کو خط لکھ رہے ہیں۔ یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ دہلی حکومت کو گرانے کی سازش ہو رہی ہے۔ وہ دکھانا چاہتے ہیں کہ دہلی میں آئینی بحران ہے۔ ہم اس کے خلاف عدالت میں بھی جائیں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عآپ کی لیڈر و دہلی حکومت کی وزیر آتشی سنگھ نے کہا کہ ہمیں معتبر ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ بی جے پی کی حکومت والی مرکزی حکومت آنے والے دنوں میں دہلی میں صدر راج نافذ کرنے والی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال کے پرائیویٹ سکریٹری کو ایک پرانے معاملے میں برطرف کر دیا گیا ہے۔ یہ اروند کیجریوال حکومت کو گرانے کی ایک بڑی سازش ہے۔ اروند کیجریوال کو بی جے پی کی مرکزی حکومت والی ای ڈی نے فرضی کیس میں پھنسانے کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔