بی جے پی سے بی آر ایس کا اتحاد ہوتا تو کویتا جیل میں کیوں ہوتیں

   

بی جے پی ہار رہی ہے اس لیے مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی جارہی ہے : کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس ایک سیکولر جماعت ہے ۔ بی جے پی سے کبھی اتحاد نہیں کرے گی ۔ کے سی آر نے اپنی دختر کو جیل روانہ کرنا گوارہ کیا مگر فرقہ پرست بی جے پی سے اتحادیا مفاہمت کرنے کو ترجیح نہیں دی ۔ اقلیتیں بالخصوص مسلمان کانگریس کے جھوٹے الزامات پر بھروسہ نہ کریں ۔ اگر بی جے پی سے اتحاد ہوتا تو کیا کویتا جیل میں ہوتیں استفسار کیا ۔ حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری کے بی آر ایس امیدوار آر لکشما ریڈی کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی جے پی کو شکست صرف بی آر ایس دے سکتی ہے ۔ مودی سے صرف کے سی آر مقابلہ کرسکتے ہیں ۔ راہول گاندھی اپنی آبائی نشست سے مقابلہ نہیں کرسکتے وہ بی جے پی اور مودی سے کیا مقابلہ کریں گے ۔ بی جے پی کے فرقہ پرست قائدین ایٹالہ راجندر ، بنڈی سنجے ، رگھونندن راؤ ، ڈی اروند اور ایس باپو راؤ کو اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس نے شکست دی ہے ۔ اقتدار حاصل کرنے والی کانگریس پارٹی بی جے پی کے ان فرقہ پرست قائدین کا مقابلہ کرنے میں ناکام ہوگئی ۔ لوک سبھا انتخابات میں بھی بی آر ایس پارٹی بی جے پی کے ان متذکرہ قائدین کو شکست دے گی ۔ عوام بالخصوص اقلیتیں کانگریس کو ووٹ دیتے ہوئے اپنے ووٹ کو ضائع نہ کریں ۔ اگر لوک سبھا انتخابات میں تلنگانہ میں کانگریس کو سبق نہیں سکھایا گیا تو چیف منسٹر اے ریونت ریڈی عوام سے کئے گئے کوئی بھی وعدے کو پورا نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی میں کوئی تعاون نہ کرنے والی بی جے پی بے شرمی سے عوام سے ووٹ طلب کررہی ہے ۔ اپل اور عنبر پیٹ میں گذشتہ 10 سال کے دوران دو فلائی اوور تعمیر کرنے میں ناکام ہوگئی ۔ بی آر ایس حکومت نے 10 سال کے دوران گریٹر حیدرآباد میں 36 فلائی اوورس کو تعمیر کروایا ہے ۔ 2014 میں پکوان گیس کی قیمت 400 روپئے تھی جو اب بڑھ کر 1100 روپئے ہوگئی ۔ نریندر مودی جب وزیراعظم کی حیثیت سے 2014 میں حلف لیا تھا تب عالمی مارکٹ میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیارل تھی ۔ اب اس کی قیمت 84 ڈالر فی بیارل ہے ۔ باوجود پٹرول کی قیمت 70 روپئے سے بڑھ کر اب 110 روپئے تک پہونچ گئی ہے ۔ دال ، چاول ، املی ، بس ، ریل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ۔ اقتدار حاصل کرنے کے لیے مودی مسلمانوں کے خلاف من گھڑت الزامات عائد کررہے ہیں ۔۔ 2