بی جے پی صدر نتن نبن کا دورہ تلنگانہ اٹرفلاپ : مہیش کمار گوڑ

   

تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں، ایس آئی آر مہم کے ذریعہ ووٹوں کو حذف کرنے کی سازش
حیدرآباد ۔یکم جولائی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے بی جے پی کے قومی صدر نتن نبن کے دورہ تلنگانہ کو اٹرفلاپ قرار دیا اور کہا کہ اس دورہ سے بی جے پی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمارگوڑ نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے کوئی موقع نہیں ہے اور عوام کو اس پارٹی کی ضرورت نہیں ہے۔ نتن نبن نے تین روزہ دورہ میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کی۔ انہوں نے ریاست کے زیر التواء پراجکٹس کے بارے میں ایک لفظ نہیں کہا جو مرکز کے پاس منظوری کے منتظر ہے۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ نتن نبن تلنگانہ کی سیاسی صورتحال اور مختلف طبقات کے موقف کے علاوہ علحدہ تلنگانہ تحریک سے لاعلم ہے۔ ملک کے عوام بی جے پی مکت بھارت کے خواہاں ہیں تاکہ عوامی حکومت قائم ہوسکے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور آئندہ میعاد کیلئے عوام دوبارہ کانگریس کوموقع دیں گے۔ سونیا گاندھی کے سبب علحدہ تلنگانہ ریاست کا خواب پورا ہواہے، جنہوں نے نوجوانوںکی قربانیوں کا احترام کرتے ہوئے تلنگانہ کی تشکیل کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ رعیتو بھروسہ اسکیم کے بجٹ کی اجرائی سے کسانوں میں خوشی کا ماحول ہے۔ وکست بھارت کے تحت تلنگانہ کی ترقی کو نظر انداز کردیا گیا۔ بی جے پی نے دو کروڑ ملازمتوں کا وعدہ کیا تھا جو 12 برسوں میں مکمل نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے یہ الزام عائد کیا کہ مودی حکومت دولتمند افراد کے مفادات کی تکمیل میں مصروف ہیں۔ ایودھیا میں رام مندر کی چوری معاملہ میں حقیقی خاطیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ بی جے پی کے قومی صدر نے رام مندر چوری اور کالیشورم اسکام پر کوئی تذکرہ نہیں کیا۔ حکومت نے سی بی آئی تحقیقات کے لئے مرکز کو مکتوب روانہ کیا ہے لیکن مرکز نے منظوری نہیں دی۔ مذہبی منافرت کے ذریعہ بی جے پی تلنگانہ میں مستحکم ہونا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری کے بعد سیٹ چوری کے ذریعہ میناکشی نٹراجن کو راجیہ سبھا نشست سے محروم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی آر مہم کے ذریعہ مخالف بی جے پی ووٹ حذف کرنے کی سازش ہے۔ سی بی آئی ، ای ڈی اور الیکشن کمیشن بی جے پی کے اشارہ پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں ریاستوں سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل نہیں کی گئی۔ مہیش کمار گوڑ نے کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوامی مسائل کو پیش کرنے کیلئے قائد اپوزیشن کا عہدہ دیا گیا لیکن وہ فارم ہاؤز تک محدود ہوچکے ہیں۔ 1/k/m/b