بی جے پی لوک سبھا الیکشن میں 450 سے زیادہ سیٹیں جیتے گی

   

اگرتلہ: تریپورہ کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا نے پیر کو دعویٰ کیا کہ اگلے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی 450 سے زیادہ سیٹیں جیتے گی۔ ساہا نے دارالحکومت اگرتلہ میں بی جے پی کے لیے وال رائٹنگ میں حصہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ہم آنے والے لوک سبھا انتخابات میں تریپورہ کی دونوں سیٹیں جیت کر وزیر اعظم نریندر مودی کو دو کمل سونپیں گے اور یہ یقینی ہے کہ وہ ( مودی) پھر سے براقتدار ہوں گے ۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ وال رائٹنگ مہم بی جے پی کی انتخابی حکمت عملی کا ایک لازمی حصہ ہے اور پارٹی نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کی تیاری کے لیے پہلے ہی مختلف تنظیمی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔ یہ مہم پوری ریاست میں جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اندازہ ہے کہ بی جے پی اس بار 404 کا ہندسہ عبور کرے گی، لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ تعداد 450 ہو سکتی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے 22 جنوری کو ایودھیا میں رام مندر کی پرتشٹھا سے قبل قومی سطح پر شروع کی گئی مندر کی صفائی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 500 سالوں سے اس ملک کے لوگ بے تابی سے اس وقت کا انتظار کررہے ہیں جب رام للا اپنے گھر واپس آئیں گے ۔ مودی کی قیادت میں، ہم ہندوستانی تاریخ کے قابل فخر لمحات میں سے ایک کا مشاہدہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔