ممبئی : بھارتیہ جنتا پارٹی کی سینئر لیڈر اور وزیر پنکجا منڈے کو فحش پیغامات اور نازیبا کالز کے ذریعے ہراساں کیے جانے کے معاملے میں پونے سے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ یہ کارروائی مہاراشٹر نوڈل سائبر پولیس کی جانب سے انجام دی گئی، جس نے شکایت موصول ہونے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ نوڈل سائبر پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم کی شناخت امول کالے ، عمر 25 سال، کے طور پر ہوئی ہے ۔ اس کیس میں نکھل بھامرے ، عمر 26 سال، نے شکایت درج کروائی تھی جو ممبئی کے نریمان پوائنٹ پر واقع مہاراشٹر بی جے پی کے دفتر میں سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر کے طور پر کام کرتے ہیں۔ پولیس کے مطابق، ملزم امول کالے گذشتہ کئی دنوں سے پنکجا منڈے کو فحش پیغامات اور کالز کے ذریعے مسلسل ہراساں کر رہا تھا۔ شکایت ملنے کے بعد پولیس نے بھارتیہ نیائے سہنتا کی دفعات 78 اور 79 کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے ملزم کے زیراستعمال موبائل نمبر کو ٹریس کرتے ہوئے اس کی لوکیشن کا پتہ لگایا، جس سے معلوم ہوا کہ وہ پونے کا رہنے والا ہے۔
اس کے بعد نوڈل سائبر پولیس نے بھوساری پولیس اسٹیشن کے افسران کے تعاون سے کارروائی کرتے ہوئے امول کالے کو گرفتار کیا اور اسے ہتھکڑی لگا کر حراست میں لے لیا۔