بی جے پی پر ہندوؤں اور مسلمانوں میں تفرقہ پیدا کرنے کا الزام

   

محبوب نگر میں ٹی آر ایس قائدین عبدالرحمن، راجیشور گوڑ کی پریس کانفرنس

محبوب نگر۔ دفتر ٹی آر ایس پارٹی محبوب نگر میں ٹی آر ایس قائدین صدرنشین بلدیہ محبوب نگر کے سی نرسمہلو، صدر نشین زرعی مارکٹ کمیٹی عبدالرحمن جے جے آر ، صدر نشین لائبریری کمیٹی راجیشور گوڑ و دیگر نے ایک صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کل شب بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کی پرجا سنگراما یاترا کے محبوب نگر میں اختتام پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی قائدین کی تقاریر کی مذمت کی ۔ اس موقع پر صدر نشین زرعی مارکٹ کمیٹی عبدالرحمن نے کہا کہ محبوب نگر کی تاریخ میں پہلی بار صدرنشین زرعی مارکٹ کمیٹی کے جلیل القدر عہدہ پر ایک مسلمان کو نامزد کرتے ہوئے ریاستی وزیر ڈاکٹر پی سرینواس گوڑ اور چیف منسٹر کے سی آر نے یہ ثابت کردیا ہے ان کی حکومت سبھی طبقات کو سیاسی طور پر مضبوط بنانا چاہتی ہے۔ عبدالرحمن نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بی جے پی قائدین آٹھ سال سے مرکز میں برسر اقتدار رہنے کے باوجود یہ کہنے سے قاصر ہیں کہ انہوں نے عوام کیلئے کیا کام کئے؟ بلکہ یہ قائدین ہمیشہ ہندوؤں اور مسلمانوں میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور کل کے جلسہ میں بھی اردو اور رضاکاروں کا ذکر کرتے ہوئے بی جے پی قائدین نے جو بے شرمی کا مظاہرہ کیا وہ قابل مذمت ہے ۔ عبدالرحمن نے محبوب نگر میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے ریاستی وزیر ڈاکٹر وی سرینواس گوڑ کی خدمات کو لائق تحسین قرار دیا۔ صدرنشین بلدیہ کے سی نرسمہلو نے کہا کہ پچھلے آٹھ سال میں ریاستی حکومت نے متحدہ ضلع محبوب نگر کی ترقی کیلئے جو اقدامات کئے ہیں اس کی سابق میں نظیر نہیں ملتی۔ اس کانفرنس کو صدرنشین لائبریری کمیٹی راجیشور گوڑ و دیگر نے بھی مخاطب کیا۔ اس کانفرنس میں دیگر قائدین کے وینکٹیا نائب صدر نشین ی سی سی بینک کنا روی کشن ریڈی نائب فلور لیڈر بلدیہ ٹی آر ایس ونود کمار، ایس سی سیل شیو راج جنرل سکریٹری ٹاؤن ٹی آر ایس و دیگر موجود تھے۔