بی جے پی کا اب جنوبی ہند میں کانگریس کو روکنے کا منصوبہ

   

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات 2024 میں جیت درج کرنے کے لیے بی جے پی ہر ریاست میں مختلف حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔ بی جے پی جلد ہی آندھرا اور تلنگانہ کے لیے بڑا فیصلہ لے سکتی ہے۔کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج کے دن جب رجحانات آنا شروع ہوئے تھے، بی جے پی لیڈر اپراجیتا سارنگی نے کہا تھا، ’’ہم کبھی نہیں ہارتے، یا تو جیتتے ہیں یا ہم سیکھتے ہیں‘‘۔ کرناٹک کے انتخابی نتائج مکمل طور پر واضح ہونے سے پہلے ہی بی جے پی ایک بار پھر جنوبی ہند کے لیے اپنی حکمت عملی کو درست کرنے میں مصروف تھی۔ کرناٹک جنوب کی واحد ریاست تھی جہاں بی جے پی کی حکومت تھی۔ گزشتہ ہفتہ کے اواخر میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی صدر جے پی نڈا نے ٹی ڈی پی سربراہ چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کی۔ سمجھا جاتا ہے کہ یہ میٹنگ بی جے پی کے بدلے ہوئے پلان کا حصہ تھی اور اب دونوں پارٹیاں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے انتخابات کے لیے شراکت داری کی تیاری کر رہی ہیں۔ امکان ہے کہ وزیر اعظم نریندرمودی چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ بھی میٹنگ کر سکتے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو بھی بی جے پی کے اتحاد کو اپنے لیے ایک موقع کے طور پر دیکھتے ہیں۔ دوسری طرف بی جے پی تلنگانہ میں فائدہ حاصل کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی جارحانہ طور پر بی آر ایس کو نشانہ بنا رہی ہے اوراس کے نشانہ پر کانگریس بھی ہے۔