بی جے پی کا اقتداراور تنظیم کے درمیان بہتر تال میل پر تبادلہ خیال

   

بھوپال: مدھیہ پردیش بھارتیہ جنتا پارٹی کے اعلیٰ لیڈروں کی دہلی میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سینئر عہدیداروں کی موجودگی میں میٹنگ میں بنیادی طور پر سال 2023 کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں پراوراقتدارو تنظیم کے درمیان بہتر تال میل پر بات چیت ہوئی۔پارٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی میٹنگ میں دیگر عصری امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران ریاست میں کچھ مقامات پر حالیہ مذہبی جلوسوں پر پتھراؤ کے واقعات کابھی ذکرآیا۔ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں مرکز میں بی جے پی اورسنگھ کے درمیان ہم آہنگی کا کام دیکھنے والے سہ سرکاریواہ ارون کمار بنیادی طور پر شامل ہوئے ۔ اقتداراور تنظیم کے درمیان تال میل کے لحاظ سے ہوئی اس پہلی میٹنگ میں کمار نے اپنی بات بھی رکھی۔بتایا جا رہا ہے کہ اس طرح کی کوآرڈینیشن میٹنگزکی مدھیہ پردیش سے شروعات ہوئی ہے ۔ آنے والے وقت میں تمام ریاستوں میں اس طرح کی میٹنگیں ہوں گی۔