بی جے پی کو ٹاملناڈو میں داخلہ سے روکنے رائے دہندوں سے اتم کمار ریڈی کی اپیل

   

کانگریس اور ڈی ایم کے اتحاد کی انتخابی مہم، تلنگانہ کی طرح فلاحی اسکیمات کا وعدہ
حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے ٹاملناڈو اسمبلی انتخابات میں کانگریس ۔ ڈی ایم کے اتحاد کے حق میں مہم میں حصہ لیا۔ اُنھوں نے ٹاملناڈو کے مبصر کے طور پر کئی اسمبلی حلقہ جات میں روڈ شو اور عام جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ ٹاملناڈو میں بی جے پی کے داخلہ کو روکیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ بی جے پی جنوبی ریاستوں اور خاص طور پر ٹاملناڈو میں قدم جمانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ٹاملناڈو عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ فرقہ پرست بی جے پی کو ریاست میں داخلہ سے روکیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ڈی ایم کے اور کانگریس اتحاد کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی اور ایم کے اسٹالن کی زیرقیادت حکومت فلاح و بہبود اور ترقی کے اقدامات کررہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ ٹاملناڈو تاریخی اور تہذیبی اعتبار سے غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے اور تلگو بولنے والے قابل لحاظ تعداد میں بستے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹاملناڈو کی کئی شخصیتوں نے قومی سیاست میں اہم رول ادا کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی اور انا ڈی ایم کے ٹاملناڈو میں سیکولرازم کو کمزور کرنے اور نفرت انگیز مہم کے ذریعہ کامیابی کا راستہ تلاش کررہے ہیں۔ بی جے پی کو ٹاملناڈو میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔ اُنھوں نے انتباہ دیا کہ زعفرانی عناصر ریاست کی ترقی کو روکتے ہوئے ٹامل عوام کا نقصان کرنا چاہتے ہیں۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے اتم کمار ریڈی کو ٹاملناڈو میں انتخابی مہم کی بطور خاص ذمہ داری دی ہے۔ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے بھی اتم کمار ریڈی سے انتخابی مہم کی خواہش کی۔ اتم کمار ریڈی نے دعویٰ کیاکہ تلنگانہ کی طرح ٹاملناڈو میں بھی فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کی جائے گی۔1/V/k/b