بی جے پی کیلئے ’R‘لکی حرف، RRR میں ایک اور R کے اضافہ کی مساعی

   

حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سیاسی پارٹیوں اور قائدین کے پاس توہم پرستی کوئی نئی بات نہیں۔ عام طور پر کسی ہندسہ یا حرف کو پارٹیاں اور قائدین اپنے لئے کامیابی کے ضامن تصور کرتے ہیں۔ گاڑیوں کے نمبر اور نام رکھائی میں اس کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ ان دنوں بی جے پی پر حرف’R’ سوار ہے اور RRR پہلے سے موجود ہیں اور اسے چوتھے R کی آمد کا یقین ہے۔ حالیہ عرصہ میں بی جے پی نے تلنگانہ میں دو ضمنی انتخابات میںکامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنا موقف بہتر بنایا ہے۔ اسے نلگنڈہ کے منگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کامیابی کا یقین ہے۔ پارٹی کیلئے R اس قدر نیک شگون ثابت ہورہا ہے کہ منگوڑ کی کامیابی اسےRRRR میں تبدیل کرسکتی ہے۔ یہ محض اتفاق ہے کہ بی جے پی کے موجودہ تینوں ارکان اسمبلی کے نام R سے ہی شروع ہوتے ہیں۔ راجہ سنگھ اسمبلی میں واحد رکن تھے ان کے بعد دوباک سے رگھونندن راؤ نے کامیابی حاصل کی اور حضورآباد سے راجندر کی کامیابی کے بعد پارٹی میں RRR کی مقبولیت ہوگئی۔ ویسے بھی ٹریپل آر کے ٹائٹل سے ڈائرکٹر راج مولی کی فلم ریلیز ہوئی ہے جو کافی مقبول ہوئی۔ بی جے پی کو یقین ہے کہ راجگوپال ریڈی کی صورت میں اس کے لئے ایک نئے R کا اضافہ ہوجائے گا۔ دیکھنا ہے کہ تلنگانہ میں بی جے پی RRR تک محدود رہے گی یا پھرRRRR بن جائے گی۔ر