حیدرآباد۔ 8 فروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیر پونم پربھاکر نے دہلی اسمبلی کے انتخابی نتائج پر کے ٹی آر کی جانب سے راہول گاندھی کے خلاف طنزیہ ریمارکس کرتے ہوئے مبارکباد دینے کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگ رہا دہلی میں کامیابی بی جے پی نے حاصل کی لیکن تلنگانہ میں خوشی بی آر ایس کو ہورہی ہے۔ کے ٹی آر کے اس ٹوئٹ سے واضح ہوجاتا ہے کہ بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ سازباز ہے جس کی وجہ سے بی جے پی کی کامیابی بی آر ایس میں جشن کا ماحول ہے۔ کے سی آر کا خاندان مختلف مقدمات میں ملوث ہیں ، ان مقدمات سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے بی جے پی کی خوشامد کی جارہی ہے۔ جب تک ریاست میں بی آر ایس حکومت تھی، اسی مدت میں مرکز میں مودی کی زیرقیادت بی جے پی تھی۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں کے سی آر خاندان نے من مانی کی، اور وہ کئی بدعنوانیوں میں ملوث رہا ہے۔ ریاست میں کانگریس حکومت تشکیل پانے کے بعد بی آر ایس قائدین میں خوف پیدا ہوچکا ہے۔ ان مقدمات سے بچنے کیلئے اس طرح کے طنزیہ ریمارکس کرتے ہوئے بی جے پی کو خوش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔2