بی جے پی کے امیدوار ڈی اروند کے متنازعہ ریمارکس سے سیاسی حلقوں میں ہلچل

   

کانگریس قائد جیون ریڈی بنگلہ دیشی روہنگیائی رائے دہندوں کے امیدوار یا ہندوؤں کے امیدوار

حیدرآباد ۔ 30 مارچ (سیاست نیوز) بی جے پی کے امیدوار ڈی اروند نے کانگریس کے امیدوار جیون ریڈی کے خلاف متنازعہ ریمارکس کرتے ہوئے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی۔ انہیں بنگلہ دیشی اور روہنگیائی باشندوں کے امیدوار قرار دیا۔ واضح رہیکہ بی جے پی نے لوک سبھا حلقہ نظام آباد سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کو دوسری مرتبہ ٹکٹ دیتے ہوئے انہیں امیدوار بنایا ہے۔ وہی کانگریس پارٹی نے سینئر قائد رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی کو حلقہ نظام آباد سے کانگریس کا امیدوار بنایا ہے۔ ریاست میں الیکشن نوٹیفکیشن جاری ہونے سے قبل انتخابی مہم عروج پر پہنچ چکی ہے۔ ہر سیاسی جماعت اپنی اپنی انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ حلقہ لوک سبھا نظام آباد میں اقلیتوں کے ووٹوں کا فیصلہ کن موقف ہے۔ ہندوتوا کے کٹر حامی ڈی اروند ہمیشہ مسلمانوں کے خلاف زہرافشانی کی ہے۔ انہوں نے کانگریس کے امیدوار ٹی جیون ریڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں بنگلہ دیشی اور روہنگیائی باشندوں کے امیدوار قرار دیا خود کو وزیراعظم نریندر مودی کا سپاہی اور ہندوؤں کا اور جن لوگوں کو ہندوستانی شہریت مل رہی ہے ان کا امیدوار بتایا ہے اور کہا کہ انہیں اپنے ہندو بھائیوں پر بھروسہ ہے وہ انہیں دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔ ڈی اروند مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے میں شہرت رکھتے ہیں۔ ماضی میں کئی مرتبہ انہوں نے متنازعہ اور مسلمانوں کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کیا ہے۔2