پرانے شہر سے برقی چوری کا خاتمہ ، خواتین کو میٹرو ریل اور
بسوں میں مفت سفر ، بستیوں میں جائیداد ٹیکس معاف
حیدرآباد :۔ بی جے پی نے جی ایچ ایم سی انتخابات کے لیے پارٹی کا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے بی جے پی کی کامیابی پر17 ستمبر کو حیدرآباد کے ہندوستانی مملکت میں انضمام کی سرکاری تقاریب منانے ، سب کو مفت کورونا ٹیکہ دینے ، خواتین کو بسوں اور میٹرو ریل میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے ، طلبہ کو مفت ٹیاب اور وائی فائی دینے تمام شہریوں کو مفت پانی سربراہ ، بستیوں میں صد فیصد جائیداد ٹیکس معاف کرنے ، پرانے شہر سے برقی کی چوری کا خاتمہ کرنے ، ایل آر ایس اسکیم کو برخواست کرنے ، سیلاب متاثرین کے بینک کھاتوں میں 25 ہزار روپئے جاری کرنے کا اعلان کیا ۔ مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر بی جے پی کے قائد دیویندر فڈنویس نے بی جے پی کا انتخابی منشور جاری کیا ۔ اس موقع پر مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے قومی بی جے پی کی نائب صدر ڈی کے ارونا انتخابی منشور کمیٹی کے صدر سابق رکن پارلیمنٹ جی ویویک کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ دیویندر فڈنویس نے کہا کہ سقوط حیدرآباد کی سرکاری تقریب مہاراشٹرا اور کرناٹک میں منائی جاتی ہے مگر تلنگانہ حکومت اس کو نظر انداز کررہی ہے ۔ میئر کے عہدے پر قبضہ کے بعد بی جے پی ، جی ایچ ایم سی کے دفتر اور حیدرآباد کے مختلف مقامات پر قومی پرچم لہراتے ہوئے سرکاری تقریب کا آغاز کرے گی ۔ یہی نہیں بی جے پی کی کامیابی پر پردھان منتری اواس یوجنا کے تحت تمام لوگوں کو مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ کورونا کا ٹیکہ برآمد ہونے پر حیدرآباد کا خصوصی احاطہ کیا جائے گا ۔ خانگی اسکولس میں فیس کو کنٹرول میں رکھا جائے گا ۔ نل اور پانی کا کنکشن مفت دیا جائے گا ۔ موسیٰ ندی کی ترقی کے لیے 10 ہزار کروڑ روپئے کا خصوصی فنڈز مختص کیا جائے گا ۔ نالوں پر ناجائز تعمیرات کا انہدام کیا جائے گا ۔ غریب عوام کو 100 یونٹس تک مفت برقی تقسیم کی جائے گی ۔ خواتین کے لیے ہر کیلو میٹر پر ایک بیت الخلاء تعمیر کیا جائے گا ۔ گریٹر حیدرآباد کے تمام ٹو وہیلرس گاڑیاں اور آٹوز کے تمام چالانات کو منسوخ کیا جائے گا ۔ پیشہ وارانہ کاموں کے لیے مفت برقی دی جائے گی ۔
پرانے شہر میں تاریخی ورثہ کا تحفظ کیا جائے گا ہر ڈیویژن کو 4 کروڑ روپئے کے حساب سے خصوصی پیاکیج جاری کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ بی جے پی نے اور بھی کئی وعدے کئے ہیں ۔۔