بی جے پی کے دور حکومت میں دستور خطرے میں پڑ گیا

   

مودی اور امیت شاہ کریمنل گینگ کی قیادت کررہے ہیں : ڈاکٹر کے نارائنا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ مودی کے دور حکومت میں ملک تباہ ہوگیا ہے اور جمہوریت خطرے میں پڑ گئی ہے ۔ سی پی آئی کے 99 ویں یوم تاسیس کی تقریب آج سی پی آئی کے دفتر مخدوم بھون میں منعقد ہوئی ۔ اس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ بی جے پی خطرناک نظریات کے ساتھ ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر تحریک چلانے والے ایل کے اڈوانی کو رام مندر کے افتتاحی تقریب سے دور رکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی سب سے زیادہ مجرمانہ حکومت ہے ۔ مودی اور امیت شاہ کریمنل گینگ کی قیادت کررہے ہیں ۔ ملک کی دولت اور اثاثہ جات اڈانی کے حوالے کردئیے گئے ہیں ۔ بی جے پی بائیں بازو جماعتوں کے خلاف ملک میں گمراہ کن مہم چلاتے ہوئے انہیں بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ ذیلی قوانین تیار کرتے ہوئے ملک کو خطرے میں ڈالا جارہا ہے ۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ ملک کے وزیراعظم دستور ہند کو منظم سازش کے تحت نقصان پہونچا رہے ہیں ۔ مودی سرکار انڈیا کے نام سے خوفزدہ ہے ۔ تعلیمی نظام کو زعفرانی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مرکزی حکومت کی لاپرواہی سے پارلیمنٹ پر حملہ ہوا ہے ۔ حملہ کرنے والوں کو بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نے پاس دیا ہے ۔ مگر ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ۔ قصور وار بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے پر اعتراض کرنے والے اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ کو معطل کردیا گیا ہے ۔ ملک کو تباہی سے بچانے کے لیے سب سے پہلے دستور کو بچانا ضروری ہوگیا ہے ۔ مرکزی حکومت دستور کو ختم کرتے ہوئے مودی دستور متعارف کرانے کی کوشش کررہی ہے ۔۔ (2)