نئی دہلی میں اسپیکرس کانفرنس کے موقع پر ملاقات، امیت شاہ نے ہمدردانہ غور کا تیقن دیا
حیدرآباد۔ 24 اگست (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں بی سی تحفظات سے متعلق مرکز کے پاس زیر التواء بلز کی منظوری کی درخواست کی۔ پرساد کمار نئی دہلی میں آل انڈیا اسپیکرس کی کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں۔ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کے بعد پرساد کمار نے اجلاس میں شریک مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی اور 42 فیصد بی سی تحفظات کو منظوری کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں منظورہ بلز مرکزی حکومت کے پاس گزشتہ 5 ماہ سے زیر التواء ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اس سلسلہ میں وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ سے شخصی طور پر نمائندگی کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ امیت شاہ نے اسپیکر اسمبلی کو تیقن دیا کہ وہ تحفظات بلز کی منظوری کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ہمدردانہ غور کا تیقن دیا۔ ایسے وقت جبکہ تلنگانہ حکومت 42 فیصد بی سی تحفظات کی فراہمی کے لئے قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کررہی ہے ایسے میں اسپیکر کانفرنس میں شریک پرساد کمار نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے نمائندگی کرتے ہوئے نئی پیشرفت کی امید پیدا کی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ امیت شاہ اسپیکر اسمبلی کی نمائندگی پر تیقن کے مطابق کب تک منظوری کو یقینی بنائیں گے۔ 1