بی سی سی آئی کی درخواست پر نٹراجن ٹیم سے آزاد

   

چینائی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نئے اور شاندار فاسٹ بولر ٹی نٹراجن کوبی سی سی آئی کی درخواست کے بعد ٹاملناڈو کرکٹ اسوسی ایشن نے وجئے ہزارے ٹرافی کیلئے ریاستی ٹیم سے آزاد کیا ہے کیونکہ بی سی سی آئی چاہتاہ ے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ماہ ہونے والی محدود اوور کی سیریز میں نٹراجن کو تازہ دم رکھا جائے ۔ ٹاملناڈو کرکٹ اسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نٹراجن کو انگلینڈ کے خلاف مجوزہ سیریز کیلئے بی سی سی آئی ہندوستانی ٹیم میں شامل کرنے کا خواہاں ہے لہذا انہیں ریاستی ٹیم سے آزاد کیا گیا ہے اور ان کے مقام پر آر ایس جگناتھ سرینواس کو 20رکنی ٹیم میں شامل کیا گیاہے اور یہ ٹیم 13فبروری کو اندور روانہ ہوگی ۔ نٹراجن کو پہلے ٹاملناڈو کی 20رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا تاکہ وہ وجئے ہزارے ٹرافی میں ریاستی ٹیم کی نمائندگی کرے جس کا 20فبروری کو آغاز ہورہا ہے ۔ ٹاملناڈو جس نے احمدآباد میں گذشتہ ہفتہ سید مشتاق علی ٹرافی خطاب حاصل کیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹی20مقابلوں کی سیریز احمدآباد میں کھیلی جائے گی جس کا آغاز 12مارچ کو ہوگا ۔ 23مارچ کو پونے میں پہلا ونڈے کھیلا جائے گا ۔