15 اگست سے آن لائین درخواستوں کا ادخال، ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے اسکیم کا اعلان کیا
حیدرآباد۔13۔اگسٹ (سیاست نیوز) پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والی غریب اور مستحق خواتین کو حکومت کی جانب سے آٹومیٹک سلائی مشین کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا۔ وسیع بہبودیٔ پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے آج سکریٹریٹ میں سلائی مشینوں کی تقسیم کے پروگرام کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت عوامی حکومت نے بی سی طبقہ کی خواتین کو خود روزگار اسکیم کے تحت معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے سلائی مشینوں کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 119 اسمبلی حلقہ جات میں جملہ 119000 آٹومیٹک سلائی مشین تقسیم کئے جائیں گے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 1000 مشینوں کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہر مشین کی مالیات 12000 روپئے ہے اور استفادہ کنندگان کو صد فیصد سبسیڈی کے تحت مفت تقسیم عمل میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ 15 اگست سے آن لائین درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوگا اور 15 ستمبر تک یہ سہولت رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ استفادہ کنندگان کا انتخاب شفافیت کے ساتھ کیا جائے گا۔ پہلے مرحلہ میں 1.19 لاکھ سلائی مشینوں کی تقسیم کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر طبقات کی طرح پسماندہ طبقات کی خواتین کو فلاحی اسکیمات کے علاوہ خود روزگار اسکیم کے تحت معاشی طور پر مستحکم کرنے کا منصوبہ ہے۔ ٹیلرنگ کی مہارت رکھنے والی خواتین خودکار سلائی مشینوں کے ذریعہ ماہانہ آمدنی حاصل کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کل 14 اگست کو شام 4 بجے ایچ ایم ڈی اے گراؤنڈ کے روبرو مہاتما جیوتی با پھولے اور ساوتری بائی پھولے کے مجسمات کی نقاب کشائی انجام دی جائے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نقاب کشائی انجام دیں گے۔ اس موقع پر حکومت کے مشیر وی ہنمنت راؤ ، گورنمنٹ وہپ اے سرینواس ، بی ایلیا ، ارکان اسمبلی ای شنکریا ، نوین یادو ، کے وینکٹیش ، مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین اور عہدیدار موجود تھے۔1/k/m/b