بی ٹیک اور ڈگری امتحانات کے بجائے طلبہ کو پروموٹ کیا جائے

   

ہائی کورٹ میں درخواست، حکومت کو نوٹس کی اجرائی
حیدرآباد ۔15۔ جون(سیاست نیوز) بی ٹیک اور ڈگری امتحانات کے انعقاد کے مسئلہ پر این ایس یو آئی کی جانب سے تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی گئی ہے۔ ریاستی صدر بی وینکٹ نے ہائی کورٹ سے اپیل کی کہ بی ٹیک اور ڈگری سمسٹر امتحانات کے انعقاد کے بجائے تمام طلبہ کو پروموٹ کردیا جائے۔ جس طرح ایس ایس سی کے طلبہ کو پروموٹ کیا گیا اسی طرح ڈگری کے بارے میں فیصلہ کیا جانا چاہئے ۔ ریاست میں کورونا کی وباء کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر امتحانات کا انعقاد ممکن نہیں ہے ۔ طلبہ اور سرپرستوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ امتحانات کے انعقاد کی صورت میں کئی طلبہ کورونا کا شکار ہوسکتے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ جے این ٹی یو کالجس جہاں امتحانات منعقد کئے جاتے ہیں ، اطراف کے علاقوں میں کورونا کے کیسیس پائے گئے ہیں۔ عدالت نے اس معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے حکومت کو جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔