بی یو ایم ایس میں داخلے کیلئے لازمی اردو زبان کو ختم کرنے کے تغلقی فرمان کی مذمت

   

نئی دہلی: جوائنٹ ایکشن کمیٹی برائے فروغ طب یونانی کا ایک ہنگامی اجلاس نئی دہلی میں منعقد ہوا جس میں وزارتِ آیوش کے ذریعہ بی یو ایم ایس میں داخلے کے لیے لازمی اردو زبان کو ختم کرنے کے تغلقی فرمان کی سخت مذمت کی گئی۔ میٹنگ میں موجود تمام یونانی تنظیموں کے نمائندوں نے اس بات پر زور دیا ہیکہ وزارتِ آیوش کا یہ فیصلہ امتیازی ہے اور اس سے طب کے یونانی کو خطرہ ہے ۔ اجلاس کی صدارت سی سی آر یوایم کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خالد صدیقی نے کی۔ میٹنگ میں آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس اور آل انڈیا یونانی طبّی کانفرنس سمیت درجن بھر تنظیموں کے ذمہ داران موجود تھے ۔ڈاکٹر خالد صدیقی نے کہا ہے کہ وزارت آیوش کے اس تغلقی فرمان کی وجہ سے یونانی طب کا وجود خطرے میں پڑ گیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وزارت آیوش کے نئے حکم نامے کی وجہ سے یونانی طب کے شعبے میں کام کرنے والی تنظیموں میں کافی تشویش پائی جاتی ہے ۔