تاخیر سے پہنچنے پر کے سی آر نے وزراء کی سرزنش کی

   

حیدرآباد۔ 9 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے بلدی انتخابات کے سلسلہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں تاخیر سے پہنچنے پر وزراء اور ارکان اسمبلی کی سرزنش کی۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ بھون میں ارکان اسمبلی اور اسمبلی حلقوں کے انچارج قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا تھا تاکہ انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دی جاسکے۔ اجلاس کے وقت کے مطابق چیف منسٹر ٹھیک صبح 10:30 بجے تلنگانہ بھون پہنچ گئے اور اجلاس کا آغاز ہوگیا۔ تاہم بعض وزراء اور ارکان اسمبلی تاخیر سے پہنچے جس پر کے سی آر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تاخیر کی وجوہات دریافت کیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی وزراء ای دیاکر رائو، ای راجندر اور نرنجن ریڈی اجلاس میں تاخیر سے پہنچے تھے۔ چیف منسٹر کی آمد کے بعد وزراء اور بعض ارکان اسمبلی کی آمد کو دیکھتے ہوئے کے سی آر برہم ہوگئے۔ انہوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ وزراء اور ارکان اسمبلی کو کل رات حیدرآباد پہنچ جانے کی ہدایت دی گئی تھی اس کے باوجود اجلاس میں تاخیر سے پہنچنا افسوسناک ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزراء نے تاخیر کیلئے مختلف وجوہات بیان کیں لیکن کے سی آر کوئی بھی وجہ قبول کرنے کیلئے تیار نہیں تھے۔ چیف منسٹر کا کہنا تھا کہ بلدی انتخابات کی اہمیت کے پیش نظر اجلاسوں میں وزراء اور ارکان اسمبلی کو مقررہ وقت سے قبل موجود رہنا چاہئے۔ بلدی انتخابات میں پارٹی کے بہتر مظاہرے کیلئے وزراء اور ارکان اسمبلی کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ مقامی ارکان اسمبلی کو امیدواروں کے انتخاب کی ذمہ داری دی گئی جس کے سبب آج کے جائزہ اجلاس میں ہر رکن اسمبلی کو چیف منسٹر کے ہاتھوں بی فارمس حوالے کئے گئے۔ حالیہ عرصہ میں پارٹی کے توسیعی اجلاس میں بھی چیف منسٹر نے بعض وزراء پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔