تارکین وطن کی موت’ آخری دیدار کیلئے بھی کوئی نہیں آتا‘

   

دبئی ۔22اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی ریاستوں میں کام کرنے والے تارکین وطن کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد تنہائی میں فوت ہورہے ہیں۔ ان کے آخری وقت میں نہ تو ان کے اپنے قریب ہوتے ہیں، نہ ہی موت کے بعد ان کے لواحقین آخری دیدار کر پاتے ہیں۔ یہ لوگ کئی برسوں تک اپنے گھروں سے دور رہتے ہوئے اس امید پر کام کرتے ہیں کہ کچھ سرمایہ جمع کر کے وہ دوبارہ وطن لوٹ جائیں گے۔لیکن کورونا وائرس کی وبا نے یہ سارا منظر ہی تبدیل کر دیا ہے۔ فلائٹ آپریشن کی معطلی کے سبب اس کے لواحقین بھی آخری دیدار کے لیے نہیں آ سکتے۔ لہٰذا عملے کے چند ارکان ہی ان کی آخری رسومات ادا کرتے ہیں۔’اے ایف پی’ کے مطابق کچھ دن قبل متحدہ عرب امارات میں مقیم ایک ہندوستانی شہری کرونا وائرس سے ہلاک ہو گیا تھا۔ انتظامیہ نے اس کی میت کو دوستوں یا رشتے داروں کے انتظار میں رکھا کہ شاید آخری دیدار کے لیے اس کا کوئی عزیز آ جائے۔لیکن کئی گھنٹے انتظار کے باوجود بھی کوئی اسے دیکھنے نہیں آیا تو بالآخر حفاظتی سوٹ میں ملبوس عملے نے ہی آخری رسومات ادا کیں۔