وزیر داخلہ ، صدر نشین وقف بورڈ ، کمشنر سٹی پولیس اور دیگر شخصیتوں نے ڈھٹی پیش کی
حیدرآباد۔10۔اگسٹ(سیاست نیوز) امام عالی مقام سیدنا حسین ؓ کی شہادت اور اہل بیت اطہار ؓ کی قربانی امت کے لئے جدوجہد‘ صبر اور حق کے لئے جان قربان کردینے کا اہم درس ہے‘ نواسۂ رسول ﷺ نیظلم و جبر کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے پوری شد و مد کے ساتھ ظالم کے ظلم کو دنیا کے آگے پیش کیا اور ظلم کو برداشت نہ کرنے کی جو تعلیم دی ہے وہ ہی دراصل کربلا کا پیغام ہے۔ شہر حیدرآباد میں امت مسلمہ نے یوم عاشورہ کے موقع پرسید الشہداء حضرت امام حسین ؓ و دیگر شہداء کربلاسے اپنی الفت وارفتگی کا اظہار کیا گیا۔ 10محرم کو یو م عاشورہ کے موقع پر شہر میں بی بی کا الاوہ دبیر پورہ سے تاریخی بی بی کے علم کا جلوس ہاتھی پر برآمد ہوا اور اس جلوس کے ہمراہ سینکڑوں ماتمی انجمنوں اور ہزاروں عزاداروں نے بدیدہ ٔ نم ماتم کا نذرانہ پیش کیا۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر مجالس یاد حسینؓ و جلسہ ہائے شہدائے کربلا منعقدکرتے ہوئے معرکۂ حق و باطل کے حقیقی پیام سے نوجوان نسل کو آشنا کرواتے ہوئے انہیں سیرت امام حسین ؓ کا مطالعہ کرنے اور اپنی زندگی میں سردار نوجوانان بہشت کے کردار کو پیدا کرنے کی تلقین کی گئی ۔ تاریخی بی بی کے علم کے جلوس کے جلوس کے دوران مختلف شخصیات کی جانب سے بی بی کے علم کو ڈھٹی اور نذر پیش کی گئی ۔ جلوس کے دوران مختلف ماتمی گروہان و انجمنوں کی جانب سے نوحہ اور ماتم کے نذرانے پیش کئے گئے ۔ انجمن معصومین کی جانب سے ماتم اور نوحہ گری کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ پرویز انجمن پروانۂ شبیر ‘ انجمن حیدریہ‘ انجمن عون و محمد‘ گروۂ شیدائے شبیر‘ گروۂ کاظمی‘ انجمن پروانۂ قاسم‘ گروۂ جعفری‘ انجمن علوی‘ انجمن اشرف‘ انجمن ایرانیان دکن‘ گروۂ جعفری آغاعباسی‘ شیدائے علی اصغر‘ گروۂ ابوالفضل العباس کے علاوہ دیگر انجمنیں اور ماتمی گروہان بی بی کے علم کے ہمراہ موجود تھے۔ تاریخی بی بی کے علم کے ہاتھی پر مجاورحسن الدین اعجاز کے علاوہ علمبردار جناب قمر حسن رضوی موجود تھے۔ دبیر پورہ بی بی کے الاوہ سے علم مبارک کے برآمد ہونے سے قبل الاوہ بی بی میں مجلس عزاء بپا ہوئی ۔بی بی کے الاوہ سے شروع ہوا بی بی کے علم کا جلوس شیخ فیض کی کمان‘ اعتبار چوک‘ کوٹلہ عالیجاہ‘ سردار محل سے ہوتا ہوا چارمینار پہنچا۔ چارمینار سے بی بی کا علم کا جلوس گلزار حوض‘ پنجہ شاہ ولایت ‘ قدم رسول ؐ سے گذرتے ہوئے منڈی میر عالم پہنچااور منڈی میر عالم سے ہوتا ہوا دارالشفاء ‘ کالی قبر‘ چادر گھاٹ پہنچ کر اختتام کو پہنچا۔ بی بی کے علم کے جلوس کیلئے محکمہ پولیس ‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ محکمہ آبرسانی ‘ محکمہ برقی کے علاوہ دیگر محکمہ جات کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔پرانی حویلی کے قریب ریاستی وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی ‘ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان ‘بابا فصیح الدین ‘ جناب میر عنایت علی باقری علاوہ دیگر تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین نے بی بی کے علم کونذر و ڈھٹی پیش کی ۔چارمینار کے دامن میں کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر سی وی آنند نے اڈیشنل کمشنر آف پولیس لاء اینڈ آرڈر مسٹر ڈی ایس چوہان‘ مسٹر سائی چیتنیا ڈی سی پی ساؤتھ زون کے علاوہ دیگر اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے ہمراہ بی بی کے علم کے جلوس کا خیر مقدم کیا اور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نذر پیش کی ۔ قدیم دفتر بلدیہ کے روبرو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بی بی کے علم کو نذر اور ڈھٹی پیش کی۔۔پرانی حویلی میں آصف جاہی خاندان کی جانب سے بی بی کے علم کو نذر اور ڈھٹی پیش کی گئی ۔جلوس کے اختتام کے بعدمیدان نینوا بالسیٹی کھیت میں مرکزی مجلس پرسہ و شام غریباں منعقد ہوئے اس مجلس سے مولانا حیدر زیدی قبلہ نے مصائب کربلا بیان کئے‘ مولانا وحید الدین حیدر جعفری نے بھی مجلس شام غریباں سے خطاب کیا۔ ۔اس کے علاوہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کی مختلف خانقاہوں و بارگاہوں میں جلسہ ہائے شہدائے کربلا کے علاوہ اجتماعی دعائے عاشورہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جامع مسجد دارالشفاء میں مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کی زیر نگرانی جلسہ ٔ شہدائے کربلا منعقد ہوا جبکہ طریقت منزل میںنبیرۂ حضرت سید افتخار علی شاہ وطنؒ مولانا سید شاہ انوار اللہ حسینی افتخاری کی زیر نگرانی سالانہ قدیم مجلس یوم شہادت منعقد کی گئی ۔ خانقاہ شطاریہ دبیر پورہ میں مولانا سید شاہ قبول پاشاہ قادری شطاری کی زیر نگرانی اجتماعی دعائے عاشورہ کا اہتمام کیا گیا جہاں مولانا سید شاہ شیخین احمد شطاری کامل پاشاہ دعائے عاشورہ پڑھائی۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر آثار شریف کی زیارت کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جہاں شہدائے کربلا کے موئے مبارک و دیگر تبرکات کی زیارت کا اہتمام کیا گیا تھا اور مجالس ذکر حسینؓ و شہدائے کربلا منعقد کی گئی۔خانقاہ حضرت بحرالعلوم محمد حسرت صدیقی ؒ واقع صدیق گلشن کے علاوہ شہر کی کئی خانقاہوں میں اجتماعی دعائے یوم عاشورہ کا اہتمام عمل میں لایاگیا۔ خانقاہ باقریہ عید گاہ میر عالم میں مولانا سید حیدرعلی حسینی قادری حیدرپاشاہ کی نگرانی میں آثار شریف کی زیارت کروائی گئی اور دعائے عاشورہ کا اہتمام کیا گیا۔م