تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ہنوز عدم ادائیگی باعث تشویش

   

سری نگر: انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر نے تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر مسلسل پابندی پر تشویش اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح مسلمانوں کے مذہبی جذبات و احساسات کو مجروح کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انجمن کے ایک ترجمان نے جمعہ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا: ‘ماہ رجب المرجب کا پہلا عشرہ بھی مکمل ہو رہا ہے تاہم حکام نے ایک بار پھر اپنی من مانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جموں وکشمیر کی مرکزی عبادت گاہ جامع مسجد سری نگر میں مسلمانان کشمیر کو اپنا مذہبی فریضہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی’۔ بیان میں کہا گیا: ‘اس طرح مسلمانوں کے مذہبی جذبات اور احساسات کو زخمی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور یہ عمل صریحاً دین میں مداخلت کے مترادف ہے ’ ۔ موصوف ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلمانوں کو نماز جمعہ جیسے اہم فریضہ کی ادائیگی سے روکنا نہ صرف افسوس ناک ہے بلکہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔