تاریخی مساجد کو عوام کیلئے کھولنے الحاج محمد سلیم کی کامیاب مساعی

   

حیدرآباد۔ صدر نشین ریاستی وقف بورڈالحاج محمد سلیم نے بتایا کہ جاریہ ہفتہ شہر کی تاریخی مساجد کو عوام کیلئے کھول دیا جائے گا اور عبادت کی سہولیات کو بحال کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد باغ عامہ کو عام مصلیوں کیلئے آئندہ دنوں بحال کرنے کے اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ دو دن سے ان مساجد کو عوام کیلئے بحال کرنے کی وقف بورڈ نے جدوجہد کی اور کئی اجلاس و میٹنگس کے بعد حکومت سے بات چیت کی گئی اور کامیاب انداز میں نمائندگی کرتے ہوئے ریاستی وقف بورڈ نے اجازت حاصل کرلی۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ مکہ مسجد میں بیت الخلاؤں کی تعمیر و مرمت کے کام جاری ہیں اور ان دونوں مساجدکی مکمل صفائی اور سینٹائزنگ کرنا ہے اس کے علاوہ مساجد میں سماجی فاصلہ کی مارکنگ بھی کی جانی ہے اس وجہ سے مزید دو تا تین دن درکار ہوں گے۔ لاک ڈاؤن کے بعد سے ایک لمبے عرصہ سے مساجد میں مصلیوں کی محدود تعداد ہی شرکت کررہی تھی اور اب عام بحالی کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔