تاریخی مکہ مسجد و شاہی مسجد باغ عامہ کے ملازمین کی خدمات باقاعدہ بنانے کی فائیل بھی بند !

   

کئی محکموں کے ملازمین کو باقاعدہ بنانے کی سرگرمیاں تیزی سے جاری ۔ اقلیتی بہبود محکمہ خواب غفلت میں

حیدرآباد۔27۔ مئی ۔(سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے شاہی مسجد باغ عامہ اور تاریخی مکہ مسجد میں برسر کار عملہ کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کی فائل پر روک لگادی ! تلنگانہ کے مختلف محکمہ جات میں برسر خدمت کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے اقدامات تیزی سے جاری ہیں اور چیف منسٹر کے سی آر نے تمام محکمہ جات کے عہدیدارو ں کو کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے فہرست روانہ کرنے کی ہدایات دی ہیں اور ہزاروں ملازمین کو باقاعدہ بنانے اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن دونوں تاریخی مساجد جو کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت ہیں ان کے ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے متعدد مرتبہ وعدہ کیا جاتا رہاہے بلکہ چیف منسٹر نے اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ دونوں مساجد کے 30 ملازمین کی خدمات کو جلد باقاعدہ بنایا جائے گا لیکن اس اعلان کو 4 سال کا عرصہ گذر چکا ہے اس پر کوئی عمل آوری نہیں ہوئی بعد ازاں ان ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کی بجائے انہیں خانگی کمپنی کے حوالہ کرنے اقدامات کئے گئے تھے جس کا ’ سیاست ‘نے انکشاف کیا تھا اس کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود نے ان کی خدمات کو بحال کرکے کنٹراکٹ اساس پر برقرار رکھا لیکن ان ملازمین بشمول آئمہ و خطیب حضرات اور مؤذنین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کی جو فائل شروع کی گئی تھی مختلف محکمہ جات اور عہدیداروں کی رائے کے بعد کو بند کردیئے جانے کی اطلاع ہے اور خود محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے تصدیق کی کہ مکہ مسجد وشاہی مسجد کے ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے عمل کو روک دیا گیا ہے۔ ان 30ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے رکن پارلیمنٹ حیدرآباد وصدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی ‘ قائد مقننہ مجلس جناب اکبر الدین اویسی ‘ جناب سید احمد پاشاہ قادری رکن اسمبلی کے علاوہ جناب محمد علی شبیر نے چیف منسٹر کے سی آر سے نمائندگی کرکے کئی مکتوبات روانہ کئے ان نمائندگیوں کوبھی محکمہ اقلیتی بہبود نے خاطر میں نہ لاتے ہوئے 30 ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے عمل کو مختلف بہانوں سے روک دیا ہے اور دعویٰ کیا جار ہاہے کہ اس فائل میں خامیوں کو دور کرکے دوسری فائل تیار کی جائے گی جو کہ حکومت کو پیش کی جائیگی۔ ڈائرکٹریٹ محکمہ اقلیتی بہود کے دفتر میں محکمہ اقلیتی بہبود کے احکامات کے بعد روکی گئی فائل 5سال کی جہد مسلسل اور نمائندگیوں کے بعد تیار ہوئی تھی اور اب اس فائل کو روک دیا گیا اوراگر نئی فائل کی تیاری اور عہدیداروں کی رائے حاصل کرنے اقدامات کئے جاتے ہیں تو اس کیلئے مزید 5سال درکار ہوں گے۔