تاریخی چارمینار کے قریب ایس آئی او کی احتجاجی ریالی

   

دھرمیندر پردھان سے استعفیٰ کا مطالبہ، پُرامن احتجاجیوں پر پولیس مظالم کی مذمت
حیدرآباد ۔24 ۔ جولائی (سیاست نیوز) اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا تلنگانہ کے زیر اہتمام بعد نماز جمعہ تاریخی چارمینار کے قریب احتجاج منظم کیا گیا جس میں طلبہ اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیا۔ دہلی اور ملک کے دیگر مقامات پر پرامن احتجاج کرنے والے طلبہ کے ساتھ پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے انصاف ، جوابدہی اور طلبہ کے جمہوری حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا۔ پولیس نے احتجاجی کارکنوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا اور احتجاجی پوسٹرس کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔ ایس آئی او کے ریاستی صدر محمد فراز احمد نے کہا کہ قومی سطح کے مختلف امتحانات کے مسلسل بے قاعدگیوں ، بدعنوانیوں اور پرچہ کے افشاء میں ملک بھر کے طلبہ اور ان کے والدین کے اعتماد کو بری طرح مجروح کیا ہے۔ لاکھوں طلبہ کا مستقبل ایک ناقص اور غیر موثر امتحانی نظام کی نذر نہیں کیا جاسکتا۔ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی شفاف ، منصفانہ اور قابل بھروسہ امتحانات کے انعقاد میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ اس ادارہ کو تحلیل کرتے ہوئے ایک موثر امتحانی سسٹم قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار امتحانات کی بے قاعدگیوں کے نتیجہ میں لاکھوں طلبہ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے پرامن احتجاجیوں پر پولیس لاٹھی چارج کی مذمت کی ۔ ایس آئی او نے پرچہ جات کے افشاء میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ۔1/k/m/b
انہوں نے کہا کہ احتجاجیوں پر مظالم کے ذمہ دار پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔1/k