تانڈور میں بھی گھناؤنی حرکت سے انسانیت شرمسار

   

کمسن لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کا بہیمانہ واقعہ، گرفتار ملزم کا اقبال جرم
تانڈور۔/4 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تانڈور کے قریب تعلقہ چنچولی ( ضلع گلبرگہ ) کے موضع صلح پیٹ (سرکاری نام یاکاپور ) میں 9 سالہ نابالغ کمسن لڑکی ذکریٰ بیگم پیر کی شام صلح پیٹ میں اپنے مکان کے سامنے کھیل رہی تھی کہ اس کا پڑوسی ٹیلر ایلیا عمر 40 سال حالت نشہ میں بہلا پھسلا کر لڑکی کو قریبی کھیت میں لے جاکر عصمت ریزی کی اور گلا دباکر قتل کردیا اور نعش کو قریبی گڑھے میں پھینک دیا اور اپنے مکان واپس آگیا۔ متاثرہ لڑکی ذکریٰ رات ہونے کے بعد گھر نہیں آئی تو والدین اور رشتہ دار تلاش میں نکل گئے۔ ذکریٰ کے ساتھ کھیلنے والی لڑکی نے بتایا کہ پڑوسی ٹیلر ایلیا ذکریٰ کو اپنے ساتھ لے گیا تھا۔ والدین نے پولیس اسٹیشن صلح پیٹ میں شکایت درج کرائی۔ جس پر فوری ایلیا کو مکان سے حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور تفتیش کی تو اس نے جرم کا اقبال کرلیا اور شب میں ہی اس نے پولیس کو نعش کے مقام پر لے گیاجہاں لڑکی کی نعش نیم برہنہ حالت میں تھی۔ اس خبر کے عام ہوتے ہی صلح پیٹ ،چنچولی، تانڈور، سیڑم میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔ کرناٹک پولیس نے نعش کو سیڑم دواخانہ منتقل کردیا اور پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ مسٹر لارڈ مارٹن ایس پی ضلع گلبرگہ نے سیڑم دواخانہ جاکر نعش کا معائنہ کیا اور والدین کو تیقن دیا کہ ملزم کو ضرور سزا دلائی جائے گی۔ مقتول 9 سالہ لڑکی ذہنی معذور بتائی جاتی ہے۔