تاوان کیلئے ایک شخص کا اغوا، نقلی انکم ٹیکس عہدیدار گرفتار

   

مغویہ کا برادر نسبتی بھی شامل ، 15لاکھ روپئے اور کار ضبط

حیدرآباد : /8 فبروری (سیاست نیوز) خود کو انکم ٹیکس عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے ایک شخص کا اغوا کرکے تاوان وصول کرنے والے 7 افراد بشمول اغواء کنندے کے برادر نسبتی کو پنجہ گٹہ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس پنجہ گٹہ موہن کمار نے بتایا کہ /27 جنوری کو بی وی مرلی کرشنا نامی شخص کا نامعلوم افراد نے علاقہ امیرپیٹ لال بنگلہ سے یہ ظاہر کرتے ہوئے اغواء کرلیا تھا کہ وہ محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیدار ہیں ۔ مرلی کرشنا کو اغواء کرنے کے بعد اسے باٹاسنگارام لے جایا گیا جہاں پر اغواء کنندگان نے اس کی بیوی سے 60 لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا ۔ ملزمین کی دھمکیوں سے پریشان ہوکر مرلی کرشنا کی بیوی نے 30 لاکھ روپئے ان کے حوالے کئے۔ چنگل سے رہائی کے بعد مرلی کرشنا نے پولیس پنجہ گٹہ سے ایک شکایت درج کروائی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور پولیس اُس وقت حیرت زدہ ہوگئی جب اس پورے معاملے میں متاثرہ شخص کا برادر نسبتی پی راجیش کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ۔ پولیس نے بتایا کہ راجیش اس اغواء معاملہ کا کلیدی ملزم ہے جس نے اپنے دیگر ساتھیوں ڈی راگھویندرا ، پی ناگاجیون کمار ، عبدالسلیم ، پی لکشمیا ، اے کرشنیا گوپال ، سرینواس اور غوث کی مدد سے اغواء کی واردات انجام دی ۔ راجیش نے اپنے بہنوائی کا اغواء کرنے کیلئے ایک منصوبہ تیار کیا اور /26 جنوری کی شب وجئے واڑہ سے تعلق رکھنے والے اپنے ساتھیوں کو شہر منتقل کیا ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے 15 لاکھ روپئے تاوان کی رقم اور اغواء میں استعمال کی جانے والی انووا گاڑی کو بھی ضبط کرلیا ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔
دہلی شراب پالیسی معاملہ، کویتاکا سابق سی اے گرفتار
حیدرآباد8فروری(یواین آئی) دہلی شراب پالیسی معاملہ میں جاری جانچ کے حصہ کے طورپر سی بی آئی نے آج حیدرآباد کے چارٹرڈاکاونٹنٹ بُچی بابوگورنٹلہ کو دہلی شراب پالیسی کی تیاری اور اس پر عمل کے سلسلہ میں مبینہ رول پر گرفتار کرلیا۔بابو، بی آرایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کے سابق سی اے رہے ہیں۔جانچ ایجنسی نے بابو کو دہلی شراب پالیسی کی تیاری اور اس پر عمل کرتے ہوئے حیدرآباد کی ہول سیل اور رٹیل لائسنس رکھنے والوں اور ان کے مالکین کو غلط طریقہ سے فائدہ پہنچانے کا الزام لگایا ہے ۔
گذشتہ سال دسمبر میں سی بی آئی نے مبینہ دہلی شراب گھوٹالے میں کویتا سے حیدرآباد میں پوچھ گچھ کی تھی۔مرکزی ایجنسی نے اس معاملہ میں گذشتہ سال نومبر میں سات ملزمین کے خلاف پہلی چارج شیٹ داخل کی تھی۔