تبت زلزلہ : اموات کی تعداد 126 ہوگئی ترکیہ کا اظہار تعزیت

   

بیجنگ : چین کے خود مختار علاقے تبت میں آنے والے زلزلے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 126 ہوگئی ہے۔گزشتہ روز اس علاقے میں آنے والے 6.8 شدت کے زلزلے کے بعد 515 اضافی جھٹکے محسوس کیے گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 126 جبکہ زخمیوں کی تعداد 188 ہوگئی ہے۔مرکزی حکومت کی جانب سے بھیجے گئے 5800 خیمے، سوتی ملبوسات اورکمبل متاثرہ علاقوں میں پہنچائے گئے۔ہنگامی صورتحا ل کی وزارت کے تعاون سے، کاروباری اداروں اور تنظیموں کی طرف سے عطیہ کردہ خوراک، چولہے، برقی کمبل، ٹوپیاں اور دستانے جیسی ضروریات بھی خطے میں بھیجی گئی ہیں۔دریں اثناء ترکیہ نے چین کے خود مختار علاقے تبت میں آئے زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزارت خارجہ کی جانب سے جاری تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کے خود مختار علاقے تبت میں زلزلے کے نتیجہ میں ہوئے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جاتا ہے۔بیان میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور چینی حکومت اور عوام سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیاگیا ہے۔