تبدیلی کا مطلب عوام کی آنکھوں میں آنسو ہے کیا ، کے سی آر کا کانگریس حکومت سے سوال

   

27 اپریل کو ورنگل میں پارٹی کا سلور جوبلی جلسہ عام ، 10 لاکھ افراد کی شرکت کا امکان
حیدرآباد۔ 2 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ و سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کی تازہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے تبدیلی کا نعرہ دیتے ہوئے انتخابی مہم چلائی۔ سماج کے تمام طبقات کیلئے ڈھیرے سارے وعدوں کا اعلان کیا لیکن آج سماج کا کوئی بھی طبقہ کانگریس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ عوام کی آنکھوں میں آنسو ہیں، انہوں نے کانگریس حکومت سے سوال کیا کہ کیا یہی تبدیلی ہے۔ اپنے فارم ہاؤز میں ضلع متحدہ ورنگل کے بی آر ایس قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے 27 اپریل کو ضلع ورنگل کے ایلکا ترتی میں منعقد ہونے والے بی آر ایس پارٹی کے سلور جوبلی جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس جلسہ عام میں 10 لاکھ افراد کی شرکت کو یقینی بنانے اور موسم گرما کے پیش نظر اُن کیلئے احتیاطی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کے سی آر نے پارٹی کے قائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ہر طرف مسائل ہی مسائل ہیں۔ کانگریس کا 15 ماہی دورِ حکومت انتہائی مایوس کن ہے۔ ایک طرف کسان پریشان ہیں تو دوسری جانب طلبہ سڑکوں پر ہیں۔ خواتین سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی، مائناریٹی ڈیکلریشن کا اعلان کرتے ہوئے ان طبقات کو سبز باغ دکھائے گئے۔ عوام نے کانگریس پر بھروسہ کیا، حکومت عوام کی توقعات کو پورا کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ ریونت ریڈی حکومت وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے سرکاری خزانہ خالی ہونے اور بی آر ایس حکومت پر ریاست کو مقروض کردینے کے الزامات لگاتے ہوئے راہ فرار اختیار کررہی ہے۔ ریاست کے عوام پھر ایک بار بی آر ایس کی جانب امید سے دیکھ رہے ہیں۔ پارٹی کے سلور جوبلی جلسہ کے ذریعہ عوام کو بھروسہ دلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کررہی ہے۔ ہر سماج کے دکھ درد میں برابر شریک ہورہی ہے۔ بی آر ایس کی جانب سے عوامی مسائل کو ایوان میں موضوع بحث بنایا جارہا ہے اور دوسری طرف سڑکوں پر احتجاج کرنے کے ساتھ ساتھ عدلیہ میں قانونی لڑائی میں لڑرہی ہے۔2