تبلیغی اجتماع کو فرقہ وارانہ رنگ دینا افسوسناک

   

نئی دہلی 3 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین یونین مسلم لیگ نے آج کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ کچھ لوگ تبلیغی جماعت کے گذشتہ مہینے ہوئے اجتماع کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وائرس کی وباء سے متحدہ مقابلہ کیا جائے ۔ انڈین یونین مسلم لیگ کے نیشنل جنرل سکریٹری پی کے کنہالی کٹی نے نظام الدین مرکز کے اجتماع میں شرکت کرنے والے تمام افراد سے اپیل کی کہ وہ حکام سے تعاون کریں اور اپنے طبی معائنے کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ کچھ عناصر کی جانب سے اس اجتماع کو مذہبی رنگ دینے کی اور فرقہ وارنہ رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ ملک کورونا وائرس سے لڑنے میں مصروف ہے ۔ کنہالی کٹی نے کہا کہ یہ وقت ایسا نہیں ہے کہ ہم ایک دوسرے پر الزام ترشیاں کرتے رہیں ۔ اس کی بجائے ہر کسی کو چاہئے کہ وہ ہندوستان کو کورونا وائرس سے آزادی دلانے کیلئے اپنے اپنے طور پر جدوجہد کرے اور اپنا رول ادا کرے ۔