تبلیغی جماعت معاملہ : جمعیت علما ہند نے فاسٹ ٹریک سماعت کی عرضی سپریم کورٹ میں داخل کی

   

جھوٹ اور نفرت پھیلانے کی دانستہ سازش کرنے والے ٹی وی چینلوں اور پرنٹ میڈیا کے خلاف مولانا ارشدمدنی صدرجمعیۃ علماء ہند کی ہدایت پر سپریم کورٹ میں داخل پٹیشن پرجلد از جلد سماعت کئے جانے کے تعلق سے آج ایڈوکیٹ آن ریکارڈ اعجاز مقبول نے سپریم کورٹ آف انڈیا میں ایک عرضداشت داخل کرتے ہوئے چیف جسٹس آف انڈیا سے اس اہم معاملہ کی سماعت جلد از جلد کئے جانے کی درخواست کی ہے۔ایڈوکیٹ اعجاز مقبول کے ذریعہ داخل کی گئی درخواست میں درج ہے کہ 13 اپریل 2020 میں پٹیشن داخل ہونے کے بعد سے اس معاملے کی اب تک گیارہ سماعتیں ہوچکی ہیں ، جس کی آخری سماعت2 ستمبر 2021 میں ہوئی ہے اور عدالت کے حکم پر یونین آف انڈیا نے اپنا جواب داخل کردیا ہے ، اسی طرح براڈ کاسٹنگ آرگنائزیشن اور خبروں کو ریگولرائز کرنے والے اداروں نے بھی اپنا جواب داخل کردیا ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ ملک کی مختلف ہائی کورٹوں میں زیر سماعت عرض داشتوں کو بھی عدالت کے حکم پر یکجا کیا جاچکا ہے ۔