تحریک انصاف کا لانگ مارچ مؤخر

   

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (ایجنسیز) پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی کے لیے پشاور سے اسلام آباد کی جانب مجوزہ لانگ مارچ ایک ہفتے کے لیے مؤخر کر دیا ہے۔ تاہم پارٹی کا کہنا ہے کہ احتجاج نئی مقررہ تاریخ سے پہلے بھی شروع کیا جا سکتا ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے جمعہ کو صحافیوں کو بتایا کہ لانگ مارچ اب چار اکتوبر کو شروع ہوگا۔ اس سے قبل تحریک انصاف نے 27 ستمبر سے احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ میڈیا کے مطابق تحریک انصاف کے ترجمان ذوالفقار بخاری نے کہا کہ اگرچہ لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے، تاہم پارٹی جب مناسب سمجھے، احتجاج شروع کر سکتی ہے۔ بخاری نے سوال اٹھایا کہ حکومت آخر کب تک ملک کو بند رکھنا چاہتی ہے۔ مجوزہ احتجاج سے قبل پاکستانی حکام نے رواں ہفتہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد تک رسائی محدود کر دی تھی۔ اہم شاہراہوں پر کنٹینرز لگا دیے گئے تھے جبکہ سکیورٹی کے لیے ہزاروں اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ مقامی میڈیا کے مطابق حکام نے امن و امان برقرار رکھنے کی ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے حالیہ دنوں میں عمران خان کی تین بہنوں اور تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں کو بھی حراست میں لیا ہے۔ تحریک انصاف کا دو سال قبل ہونے والا آخری بڑا احتجاج سکیورٹی فورسز کے ساتھ مہلک جھڑپوں پر ختم ہوا تھا۔ 73 سالہ عمران خان اگست 2023 سے قید ہیں۔ سابق وزیر اعظم کو اپریل 2022 میں پارلیمان میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعہ اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا۔ عمران خان اپنے خلاف مقدمات کو سیاسی بنیادوں پر قائم کردہ قرار دیتے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ انہیں سیاسی وجوہات کی بنا پر قید رکھا گیا ہے۔