تحفظات ختم کرنے بی جے پی کی سازش، لوک سبھا الیکشن تحفظات پر ریفرنڈم

,

   

کانگریس نے بی جے پی کے خلاف چارج شیٹ جاری کیا، تلنگانہ میں 14 نشستوں پر کانگریس کو کامیاب کرنے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی اپیل
حیدرآباد 25 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی ملک میں تحفظات کو ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ لوک سبھا انتخابات تحفظات کی برقراری یا خاتمہ کے مسئلہ پر ریفرنڈم کی طرح ہے ، لہذا کمزور طبقات کو بی جے پی کی اس سازش کو ناکام بنانے متحد ہونا چاہئے ۔ پردیش کانگریس کمیٹی نے مرکز کی مودی حکومت کی 10 سالہ ناکامیوں پر چارج شیٹ جاری کیا۔ چارج شیٹ میں مودی حکومت کی جانب سے عوام سے کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل کا حوالہ دیا گیا ہے۔ چارج شیٹ کی اجرائی کے موقع پر خطاب میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ملک میں کانگریس نے ایس سی ، ایس ٹی اور او بی سی طبقات کو تحفظات فراہم کئے جس سے کروڑہا افراد کو فائدہ ہوا۔ بی جے پی کمزور طبقات کے ووٹ حاصل کرکے تحفظات ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ منڈل کمیشن نے 52 فیصد او بی سی تحفظات کی سفارش کی تھی لیکن سپریم کورٹ نے او بی سی کی مردم شماری کرکے تحفظات فراہم کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے او بی سی طبقات کو انصاف دلانے ذات پات پر مبنی مردم شماری کا وعدہ کیا تاکہ کمزور طبقات کی حقیقی آبادی کا پتہ چلایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر آبادی کے اعتبار سے تحفظات فراہم کئے جائیں گے ۔ بی جے پی تحفظات سے خوفزدہ ہے اور وہ نہیں چاہتی کہ او بی سی تحفظات میں اضافہ ہو۔ مردم شماری کے بعد تحفظات 75 فیصد تک ہوجائیں گے۔ منڈل کمیشن کی سفارشات کے بعد ایل کے اڈوانی نے رتھ یاترا کے ذریعہ مذاہب اور طبقات میں نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی اور منڈل کمیشن پر عمل میں رکاوٹ پیدا کردی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ کسی بھی صورت میں تحفظات کو ختم کردیا جائے۔ انہوں نے ایس سی ، ایس ٹی او بی سی اور اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی سے چوکس رہیں۔ بی جے پی کو ایک ووٹ بھی تحفظات ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ تلنگانہ میں اگر بی جے پی ایک بھی نشست پر کامیاب ہوتی ہے تو اس کا استعمال تحفظات کے خلاف کیا جائے گا، لہذا عوام کو غور و فکر کے بعد فیصلہ کرنا چاہئے ۔ کانگریس نے ایس سی ، ایس ٹی کے مماثل او بی سی طبقات کو تحفظات کا فیصلہ کیا جس میں اقلیتی طبقات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تحفظات کی برقراری کیلئے کانگریس کو ووٹ دیں اور اگر تحفظات کو ختم کرنا ہے تو بی جے پی کا ساتھ دیں ۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ دستور کی دفعہ 370 کی برخواستگی ، شہریت ترمیمی قانون کا نفاذ ، جی ایس ٹی ، نوٹ بندی اور دیگر فیصلوں میں مودی حکومت نے دستور کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ تحفظات کی برقراری یا خاتمہ پر ریفرنڈم کی طرح ہے۔ کانگریس ایس سی ، ایس ٹی ، او بی سی اور اقلیتوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ایک طرف مودی کے دس سال کی ناکامیاں ہیں تو دوسری طرف کانگریس نے تابناک مستقبل کا ایجنڈہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ تلنگانہ میں کانگریس کو 14 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی دلائیں اور کانگریس تحفظات کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری قبول کریگی۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے نظریات اور بی جے پی کی پالیسی ملک میں تحفظات کے خلاف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی 400 نشستوں پر کامیابی کی اپیل کر رہی ہے تاکہ دو تہائی اکثریت کے ذریعہ تحفظات کو ختم کردیا جائے۔ 2025 میں آر ایس ایس کے قیام کے 100 سال مکمل ہوجائیں گے اور اس وقت تحفظات کے خاتمہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔چیف منسٹر نے ہر خاندان کو 15 لاکھ روپئے، ہر سال دو کروڑ ملازمتیں ، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور مہنگائی کم کرنے جیسے مودی حکومت کے وعدوں کو یاد دلایا۔ مودی حکومت نے ملک پر 168 لاکھ کروڑ قرض کا بوجھ عائد کردیا ہے۔ گزشتہ 10 برسوں میں 113 لاکھ کروڑ قرض حاصل کیا گیا۔ بی جے پی چارج شیٹ اجرائی کے موقع پر جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، کونڈا سریکھا ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے علاوہ کانگریس کے سینئر قائدین موجود تھے۔ 1