تحفظات کی راہ میں بی آر ایس اور بی جے پی اہم رکاوٹ: مہیش کمار گوڑ

   

ملکاجگری میں کانگریس کے نئے دفتر کا افتتاح، میناکشی نٹراجن اور پونم پربھاکر کی شرکت
حیدرآباد۔ 24 اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے آج میڑچل ملکاجگری ضلع میں کانگریس پارٹی کے نئے دفتر کا افتتاح انجام دیا۔ اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن اور ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اس موقع پر موجود تھے۔ کانگریس قائدین کا ملکاجگری پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا اور جلوس کی شکل میں پارٹی آفس لیجایا گیا۔ پارٹی کارکنوں نے بڑے پیمانے پر آتش بازی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا دفتر کسی مندر سے کم نہیں ہے اور کارکنوں کو عوامی مسائل کے حل کے لئے دفتر کا استعمال کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی ملک میں نریندر مودی حکومت کی فاشسٹ پارلیسیوں اور ووٹ چوری کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔ مہاراشٹرا میں چوری کے ذریعہ بی جے پی برسر اقتدار آئی ہے جس کا واضح ثبوت راہول گاندھی نے ملک کے سامنے پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ترقی اور فلاحی اسکیمات پر یکساں عمل آوری میں یقین رکھتی ہے۔ تلنگانہ میں خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی اور راشن کارڈ پر باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس نے خفیہ مفاہمت کے ذریعہ 42 فیصد بی سی تحفظات کی راہ میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت پر بی سی تحفظات بل کی منظوری کے لئے دباؤ بنانے سے بی آر ایس اور بی جے پی گریز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی مجالس مقامی میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے لئے ماہرین قانون سے مشاورت کررہی ہے۔ میناکشی نٹراجن نے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ مجالس مقامی میں پارٹی کی کامیابی کے لئے ابھی سے متحرک ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانا پارٹی قائدین کی ذمہ داری ہے۔ 1