تحقیقات کے بغیر کسی کو گرفتار نہیں کیا جائے گا: سرینواس ریڈی

   

چیف منسٹر کے خلاف کے ٹی آر کی زبان افسوسناک
حیدرآباد۔/12 جنوری، (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت تحقیقات کے بغیر کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائے گی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے واضح کیا کہ انتقامی کارروائی پر حکومت یقین نہیں رکھتی اور بدعنوانیوں کی تحقیقات کے بعد ہی کسی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں قانون اپنا کام کرے گا۔ بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے اس معاملہ میں اپنے بیانات تبدیل کئے جس سے عوام اچھی طرح واقف ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو غیر پارلیمانی الفاظ کے ذریعہ نشانہ بنانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ وہ کے ٹی آر کی زبان کو سلام کرتے ہیں ۔ سیاست میں الفاظ کے استعمال کے اپنے اصول ہیں اور غیر پارلیمانی الفاظ کے استعمال سے بی آر ایس کی پالیسی ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے محرومی نے کے ٹی آر کا ذہنی توازن بگاڑ دیا ہے۔ مرکزی وزیر بنڈی سنجے کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہا کہ مملکتی وزیر داخلہ خود تحقیقات کے طریقہ کار سے واقف نہیں ہیں۔ انہوں نے تحقیقاتی ایجنسی کو نشانہ بنایا ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کے بعد انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ سابق حکومت کی بدعنوانیوں پر مرکزی حکومت خاموش کیوں ہے۔1