ترنگے پرچم والے حجاب کو کوئی ہٹا نہیں سکتا دیگر طالبات کی تجویز

   

بنگلورو : کرناٹک کے شہر چکمگلورو اور اڈوپی میں اسکولی طالبات کے حجاب پہننے پر جو تنازعہ پیدا ہوا ہے اس نے شدت اختیار کرلی ہے۔ ان کی حمایت پر اب تقریباً ملک گیر سطح پر احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں۔ حکومت کرناٹک کے اس فیصلہ نے تو جلتی پر تیل کا کام کیا ہے کہ حجاب پہننے والی لڑکیوں کو اسکول اور کالج میں داخلہ تو دیا جائے گا لیکن انہیں علحدہ کلاس رومس میں بیٹھنا پڑے گا۔ یہ فیصلہ بالکل ایسا ہے جیسے طالبات اچھوت ہوں۔ ایسا فیصلہ تو کووڈ وبا کے عروج کے دنوں میں سماجی فاصلہ رکھنے کیلئے بھی نہیں کیا گیا تھا۔ ملک کے بعض شہروں میں لڑکیوں نے ترنگے پرچم کے رنگوں پر مشتمل حجاب پہننے کی تجویز پیش کی ہے اور صاف صاف کہہ دیا ہے کہ اب طالبات کو آگے آنا چاہئے اور چیلنج کرنا چاہئے کہ ترنگے کو کون ہمارے سروں سے الگ کرسکتا ہے؟!۔