تروپتی کورٹ کے احاطہ میں آرتھو پیڈک ڈاکٹر پر نرس کا ایسڈ سے حملہ

   

حیدرآباد 7 فروری ( یو این آئی) آندھراپردیش کے تروپتی کورٹ کے احاطہ میں آرتھوپیڈک ڈاکٹر پر نرس نے ایسڈ حملہ کردیاتاہم اس حملہ میں ڈاکٹر اردھا ریڈی محفوظ رہے ۔یہ نرس ، عدالت کے احاطہ میں برقعہ پہن کر پہنچی اور ڈاکٹر پر ایسڈ سے حملہ کردیا ۔اس واقعہ کے ساتھ ہی عدالت میں سنسنی پھیل گئی۔یہ نرس قبل ازیں ڈاکٹر اردھا ریڈی کے اسپتال میں کام کرچکی ہے ۔ پولیس نے کہا کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کورٹ میں یہ واقعہ پیش آیا۔ڈاکٹر اردھاریڈی اپنی بیوی سے علحدگی کے لئے عدالت پہنچے تھے ۔عدالت کے احاطہ میں ڈاکٹر اور ان کی اہلیہ موجود تھے ، اسی دوران یہ نرس برقعہ پہن کر وہاں پہنچی اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ حملہ کردیا۔پولیس نے فوری چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس نرس کو حراست میں لے لیا،پولیس اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے تاکہ اس حملہ کی وجہ معلوم کی جاسکے ۔بتایا جاتا ہے کہ اس نرس کو پہلے ہی سے پتہ تھا کہ ڈاکٹر اور اس کی بیوی عدالت آرہے ہیں جس کے پیش نظر اس نے منصوبہ بند طریقہ سے یہ حملہ کیا ۔اس واقعہ کے ساتھ ہی عدالت کے احاطہ میں موجود تمام افراد خوفزدہ ہوگئے ۔اس واقعہ میں ڈاکٹر معمولی زخمی ہوگئے ۔بتایاجاتا ہے کہ اس نرس نے کہا کہ ڈاکٹر نے اس سے قبل ازیں محبت کی تھی اور بعدا زاں اس کو دھوکہ دیا تھا۔